Source : Yahoo

نواز شریف کی جیل آفس میں موجودگی ،وزیر اعلیٰ پنجاب کا سخت ایکشن
25 ستمبر 2018 (20:54) 2018-09-25

لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی رہائی کے موقع پر حنیف عباسی کی جیل سپرنٹنڈنٹ آفس میں موجودگی کے حوالے سے کی جانے والی تحقیقات کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری دے دی۔

انکوائری کمیٹی میں ڈی آئی جی جیل ملتان ملک شوکت اور اسسٹنٹ آئی جی جوڈیشل ملک صفدر شامل تھے جس نے اپنی رپورٹ میں سپرنٹنڈنٹ جیل سعید اللہ گوندل کو بری الذمہ قرار دیا گیا تھا۔انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل و دیگر اہلکاروں کوذمہ دار قرار دے کر کارروائی کی سفارش کی گئی تھی تاہم وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انکوائری رپورٹ مسترد کردی۔ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب نے سپرنٹنڈنٹ جیل سعید اللہ گوندل کو عہدے سے ہٹانے کی بھی منظوری دے دی ہے جبکہ ڈی آئی جی جیل راولپنڈی کے خلاف انکوائری کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ 19 ستمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کی سزا معطل کرکے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔اسی دن سابق وزیراعظم کی رہائی کے موقع پر جیل سپرنٹنڈنٹ کے آفس سے میاں نواز شریف ، ان کے بھائی شہباز شریف اور حنیف عباسی کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس پر یہ اعتراض اٹھایا گیا کہ سزا یافتہ ہونے کے باوجود حنیف عباسی جیل سپرنٹنڈنٹ کے کمرے میں کیوں موجود تھے۔


ای پیپر