Source : Yahoo

مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
25 ستمبر 2018 (17:34) 2018-09-25

اسلام آباد: مسلم لیگ ( ن )کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ منی بجٹ سے ثابت ہوتا ہے کہ اسے بنانے والوں کا کوئی معاشی وژن ہے نہ معاشی پلان ان کے پاس ہے،پارلیمان کی مضبوطی، بالادستی، دستور کی حرمت اور ووٹ کی امانت کا مقدمہ لڑیں ، ہم نے تنخواہیں لے کر دھرنے دینے کی روایت بدلنی ہے ،قومی مفادات کا تحفظ اور معیشت کےلئے ابھرتے خطرات دانائی اور دوراندیشی کے متقاضی ہیں ، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ملک قوم کے مفادات کے تحفظ کیلئے بھرپورمحنت، جذبے اور دیانتداری سے کام کریں گے، ہم قوم کو ہرگزمایوس نہیں کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں پارٹی کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، جس میں پارٹی کی سینئر قیادت، سینٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان نے شرکت کی۔شہباز شریف نے کہاکہ منی بجٹ سے ثابت ہوتا ہے کہ اسے بنانے والوں کا کوئی معاشی وژن ہے نہ ہی معاشی پلان یا پالیسی ہی ان کے پاس ہے جس سے ملک وقوم کے دکھوں کا علاج ممکن ہوتا ،اسی وجہ سے ہم نے یہ منی بجٹ مسترد کیا ہے اور عوام دشمن ایسے ہرقدم کو مسترد کرتے رہیں گے۔وفاق اور پنجاب میں مسلم لیگ ( ن )بے مثال عوامی خدمت کا ریکارڈ قائم کیا ، انشا اللہ اسی جذبے سے اب پارلیمنٹ کے اندر اور باہر قوم اور ملک کے مفادات کے تحفظ کیلئے بھی بھرپورمحنت، جذبے اور دیانتداری سے کام کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے تنقید برائے تنقید اور اختلاف برائے اختلاف کے بجائے جمہوری،دستوری اور پارلیمانی قرینوں اور اقدار کی ایک نئی طرح ڈالنی ہے ،قوم کا پارلیمنٹ پر اعتماد بڑھانا ہے۔ اپنے کرداراور عمل سے ثابت کرنا ہے کہ ہم بڑے دعوے نہیں کرتے بلکہ قوم کی امانت کی پوری دیانت داری اور خداخوفی سے حفاظت کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے مسلم لیگ ( ن )ہمیشہ سرخرو ہوئی ہے اور اس مرحلے سے بھی انشا اللہ سرخرو ہوگی۔

اللہ تعالی نے ہمیں موقع دیا ہے کہ ہم پارلیمان کی مضبوطی، بالادستی، دستور کی حرمت اور ووٹ کی امانت کا مقدمہ لڑیں ، ہم نے تنخواہیں لے کر دھرنے دینے کی روایت بدلنی ہے ،ہم نے دنیا پر ثابت کرنا ہے کہ اہلیت، دیانتداری اور خلوص نیت ہو تو پارلیمان سے طاقتور کوئی فورم نہیں ہم نے اس فورم کو قوم کی قوت ، عزت کی علامت، خواہشات وامنگوں کا گہوارہ، امیدوں اور مطالبات کی تکمیل کا ذریعہ ثابت کرنا ہے ،قوم پر ثابت کرنا ہے کہ حزب اختلاف ہی ان کی امیدوں، آرزں اور خواہشات کی حقیقی امین ہے۔

وہ ہی ان کی توقعات پر پورا اترنے کی صلاحیت اور جذبہ رکھتی ہے ،وقتی مصلحتوں کا بہا زیادہ دیر تک عوامی جذبات کے سیلاب کے آگے بند نہیں باندھ سکتا۔ شہباز شریف نے کہاکہ حکومت میں جس جذبے سے کام کیاتھا اسی جذبے، لگن اور ولولے سے پارلیمانی ریکارڈ قائم کریں گے۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی اور مستقبل کی حکمت عملی طے کی گئی۔اجلاس میں پبلک اکانٹس کمیٹی اور مجالس قائمہ کے چئیرمینوں کے تقرر کے حوالے سے ناموں کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ سی پیک،، لوکل باڈیز نظام اور ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے مختلف رہنما نہ صرف مسلسل حکومتی اقدامات پر نظررکھیں گے بلکہ اس ضمن میں رائے عامہ بھی ہموار کی جائے گی اور قوم کو ان اہم معاملات میں مسلسل باخبر رکھاجائے گا۔ اجلاس میں لوکل باڈیز نظام کے تحفظ کے حوالے سے مختلف اقدامات کا بھی جائزہ لیاگیا۔


ای پیپر