فوٹوبشکریہ فیس بک

حکومت نے بے گھر افراد کو 2 سے 4 مرلے کے گھر دینے کا فیصلہ کر لیا
25 ستمبر 2018 (14:57) 2018-09-25

اسلام آباد: تحریک انصاف کی حکومت نے بے گھر افراد کو بڑی خوشخبری دیدی۔ انصاف ہومز کے نام سے انتہائی کم قیمت پر عام شہریوں کو گھر فراہم کرنے کا منصوبہ بنا لیا، اگلے دو ماہ میں شروع ہونے کا امکان۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے بے گھر افراد کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے انصاف ہومز کے نام سے انتہائی کم قیمت 2 سے 4 مرلے کے گھر فراہم کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے جو کہ اگلے دو ماہ میں شروع بھی ہونے کا امکان ہے۔ ان گھروں کی قیمت 8 سے 12 لاکھ روپے ہو گی جو کہ لاہور سمیت پنجاب بھر کے مختلف علاقوں میں بنائے جائیں گے۔

ابتدائی طور پر 25 لاکھ گھر بنائے جائیں گے۔ انصاف ہومز کے مجوزہ منصوبے کے تحت بے گھر افراد کے لیے 2 سے 4 مرلے کے گھر اور فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے، وزیراعظم کا پیش کردہ یہ منصوبہ 3 کیٹگریز پر مشتمل ہو گا۔

پہلی کیٹگری انتہائی غریب مزدور پیشہ لوگوں کے لیے، دوسری کیٹگری لوئر مڈل کلاس جبکہ تیسری کیٹگری مڈل کلاس فیملیز کے لیے ہو گی، غریب طبقے کو فلیٹس جبکہ لوئر مڈل کلاس اور مڈل کلاس کو تین سے چار مرلے کے گھر دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے، انصاف ہومز کے تحت بے گھر افراد کو 8 سے 12 لاکھ روپے میں فلیٹس دیئے جانے کا فیصلہ گیا ہے۔

یہ گھر لوگوں کو 10 سے 25 فیصد ڈاﺅن پیمنٹ پر دیئے جائیں گے، وزیراعظم عمران خان نے وحدت روڈ اور چوبرجی فلیٹس کے رہائشیوں کو متبادل جگہ دے کر وہاں ڈبل، ٹرپل سٹوری فلیٹس بنانے کی تجویز پیش کی۔ ان فلیٹس کی تعمیر کے لیے ہانگ کانگ، سنگاپور اور تھائی لینڈ ماڈلز مدنظر رکھے جائیں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے تین روز قبل لاہور کا دورہ کیا تھا جہاں پر انہوں نے پنجاب کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے فوری طور پر عوامی منصوبوں کی تکمیل اور عوام کو سہولیات دینے کیلئے وزرا کو ہدایات جاری کی تھیں۔


ای پیپر