فائل فوٹو

نواز شریف کو مختلف قسم کی بیماریاں ہیں: ڈاکٹر یاسمین راشد
25 اکتوبر 2019 (14:29) 2019-10-25

لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو نواز شریف کی بیماری کی وجہ سے ان سے ہمدردی ہے۔ وزیراعظم چاہتے ہیں مریم نواز اپنے والد کی تیمار داری ضرور کریں۔ مریم نواز کی طبیعت خراب ہونے پر کہا گیا کہ وہ ہسپتال منتقل ہو جائیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ   نواز شریف کے پلیٹ لیٹس بن رہے ہیں مگر وہ ختم ہو جاتے ہیں، نواز شریف کے پلیٹ لیٹس اب 22 ہزار ہوچکے ہیں۔ نواز شریف کو مختلف قسم کی بیماریاں ہیں، اُن کو شوگر، بلڈ پریشر اور دل کا عارضہ بھی لاحق ہے۔ اس لیے سابق وزیراعظم کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں نواز شریف سے متعلق جو بھی فیصلہ آئے گا، من و عن قبول کریں گے۔ میڈیکل بورڈ پر کوئی دباؤ نہیں، ڈاکٹر محمود ایاز نے اپنی رپورٹ ہائیکورٹ میں پیش کر دی ہے۔ نواز شریف چاہیں تو بیرون ملک سے بھی ڈاکٹرز بلائے جاسکتے ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سے ہر بات شیئر کی جا رہی ہے۔ نواز شریف نے ڈاکٹر شمسی سے کہا ہے وہ علاج سے مطمئن ہیں۔


ای پیپر