ایلن مسک دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بن گئے، جیف بیزوس پہلے نمبر پر برقرار

واشنگٹن:امریکی برقی کار ساز کمپنی ٹیسلا کمپنی کے سربراہ اور ارب پتی ایلن مسک مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کو پیچھے کر کے دنیا کی دوسری امیر ترین شخصیت بن گئے ہیں۔
ٹیسلا کے شیئرزمیں بھی بھاری اضافہ ہونے کی وجہ سے ایلن مسک کی کل جائیداد 7.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 127.9ارب ڈالر ہوگئی ہے۔ ایلن مسک کی جائیداد میں رواں سال تقریباً 110.3 ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
بلوم برگ بلینئرس انڈیکس کے مطابق رواں سال جنوری میں دنیا کی امیر شخصیات کی فہرست میں وہ 35 ویں مقام پر تھے لیکن اب وہ دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ ان کی کل جائیداد کا تقریباً تین چوتھائی حصہ ٹیسلا شیئرز سے بنا ہے۔
بل گیٹس 128 ارب ڈالر کے ساتھ اب تیسرے نمبر پر ہیں، برنارڈ آرنالڈ 105 ارب ڈالر کے ساتھ چوتھے اور 102 ارب ڈالر کی جائیداد کے ساتھ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ پانچویں نمبر پر ہیں جبکہ ایمازون کے بانی جیف بیزوس امیر شخصیات کی فہرست میں پہلے نمبر پر قابض ہیں۔