The textile sector is a reflection of the positive developments in the economy despite the epidemic, the Prime Minister said
کیپشن:    ڈیمانڈ اینڈ ایکسپورٹ آرڈرز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ فوٹو/فائل
25 نومبر 2020 (13:07) 2020-11-25

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل کا شعبہ کووڈ۔19وبا کے باوجود ہماری معیشت میں ہونے والی مثبت پیشرفت کا عکاس ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فیصل آباد کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو ملنے والے ڈیمانڈ اینڈ ایکسپورٹ آرڈرز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تجارت اور صنعت کی وزارتوں کو احکامات دیئے گئے ہیں کہ اس بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کیلئے ٹیکسٹائل کے شعبے کیلئے تمام ضروری معاونت کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

 دوسری جانب وزیراطلاعات شبلی فراز نے سی پیک کے حوالے سے منعقد سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی راہداری علاقائی روابط کا منصوبہ ہے، سی پیک پاکستان اور چین کی ترقی کیلئے مشترکہ مستقبل کا عکاس ہے اوراقتصادی راہداری بنیادی ڈھانچے کی ترقی اورمعاشی سرگرمیوں کیلئے بہت اہم ہے۔

سینیٹر شبلی فراز نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے مشترکہ منصوبوں سے روزگار کے بہت مواقع پیدا ہوں گے،سی پیک پاکستان میں سماجی اور اقتصادی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا،سی پیک کیخلاف غیر ملکی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں جبکہ منفی پروپیگنڈے کا مقصد اس عظیم منصوبے کی اہمیت کو کم کرنا ہے،اقتصادی راہداری میں زراعت اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کےشعبوں کو بھی شامل کیا گیا ہے اورسی پیک کی تکمیل سے پاکستان خطے میں تجارتی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا۔


ای پیپر