کراچی میں اگلے ہفتے بھی گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان
25 مئی 2018 (17:19) 2018-05-25

کراچی :شہر قائد میں اگلے ہفتے ایک بار پھر گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ کراچی میں کئی روز تک شدید گرمی کی لہر نے شہریوں کا جینا محال کیا ہوا تھا تاہم گزشتہ روز سمندری ہوائیں بحال ہونے کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔


تفصیلات کے مطابق کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ ہوامیں نمی کاتناسب 66 فیصد ہے۔ شہر میں موجودہ ہواکی رفتار 13 کلومیٹر فی گھنٹہ سے چل رہی ہیں۔ کراچی میں فی الحال تو گرمی کی شدت کسی قدر کم ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ غیر معمولی ہیٹ ویو کراچی والوں کا پیچھا نہیں چھوڑنے والی کیونکہ محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے پھر ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔


ماہرین نے کہا کہ پیر سے کراچی کا درجہ حرارت ایک مرتبہ پھر بڑھے گا تاہم گرمی کی یہ لہر بدھ تک جاری رہے گی، جمعرات سے درجہ حرارت میں کمی آنے لگے گی۔ ڈاکٹرز کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران خاص طور پرروزے کی حالت میں شہری خصوصی احتیاط کریں، صبح 9 بجے سے 4 بجے تک گھروں سے بلاضرورت باہر نکلنے سے گریز کیاجائے، اس کے علاوہ باہر نکلتے وقت چھتری استعمال کریں اور سر پر گیلا کپڑا رکھیں۔


یاد رہے کہ 2015 میں کراچی میں ہیٹ اسٹروک کے باعث سیکڑوں کی تعداد میں اموات ہوئی تھیں تاہم امسال شدیدی گرمی کی لہر سے آگاہی ہونے کے باعث شہریوں نے احتیاط برتی جب کہ حکومت کی جانب سے جگہ جگہ ہیٹ اسٹروک سینٹرز بھی قائم کیے گئے۔


ای پیپر