ہر وقت ٗ ہر صورت ٹرمپ سے ملاقات کیلئے تیار ہیں : شمالی کوریا
25 مئی 2018 (15:43) 2018-05-25


واشنگٹن :امریکہ کی جانب سے ملاقات منسوخ کرنے کے بعد شمالی کوریا نے کہا ہے کہ ملک کے سربراہ کم جونگ ان کسی بھی وقت اور کسی بھی صورت میں امریکی صدر سے ملاقات کرنے کو تیار ہیں ۔ شمالی کوریا کے نائب وزیر خارجہ کم یی گوان نے امریکی صدر کی جانب سے دونوں ممالک کے سربراہان کی ملاقات منسوخ کیے جانے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے ساتھ اگلے ماہ سنگاپور میں ہونے والی ملاقات یہ کہہ کر منسوخ کر دی تھی کہ اس وقت ملاقات کرنا نامناسب ہو گا۔12 جون کو طے پانے والی یہ ملاقات سنگاپور میں ہونا تھا جو تاریخی اعتبار سے دونوں ملکوں کے سربراہان کی پہلی ملاقات ہوتی۔صدر ٹرمپ کی جانب سے ملاقات کی منسوخی کے اعلان سے کچھ ہی گھنٹے پہلے شمالی کوریا نے کہا تھا کہ اس نے اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے جوہری تجربات کرنے کے مقام پر موجود سرنگوں کو تباہ کر دیا ہے۔


وائٹ ہاؤس کی جانب سے صدر ٹرمپ کے کم جونگ ان کو لکھے گئے خط میں انھوں نے کہا کہ 'میں آپ کے ساتھ ملاقات کا متمنی تھا۔ لیکن افسوس ہے کہ آپ کے حالیہ بیان میں پائی جانے والی شدید مخاصمت سے مجھے لگتا ہے کہ اس وقت یہ ملاقات نامناسب ہو گی۔ادھر شمالی کوریا کی سرکاری خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عالمی خواہشات کے مطابق نہیں تھا۔ اور یہ کہ کم جونگ ان نے اس ملاقات کے بہت کوششیں کیں اور شمالی کوریا اب بھی اس مسئلے کے حل کا خواہشمند ہے، ’جب بھی اور جیسے بھی ممکن ہو‘۔ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلہ کی وضاحت کرتے ہوئے وائٹ ہاؤں کے حکام کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا نے کئی وعدے توڑے۔


ای پیپر