The court ordered Mian Shahbaz Sharif to be vaccinated against corona
کیپشن:   فائل فوٹو
25 مارچ 2021 (12:42) 2021-03-25

لاہور: لاہور کی احتساب عدالت نے حکم دیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کو کورونا ویکسین لگا کر دو دن کے اندر اندر رپورٹ فراہم کی جائے۔

ذرائع کے مطابق میاں شہباز شریف نے احتساب عدالت سے درخواست کی تھی کہ انھیں وبائی مرض سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگانے کی سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ میں 70 سال کا ہونے والا ہوں۔ عدالت سے استدعا ہے کہ وہ حکومت کو ہدایات جاری کرے کہ وہ مجھے فوری طور پر کورونو ویکسین لگوانے کا انتظام کرے۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور لیگی رہنما میاں شہباز شریف کو منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، جو ان دنوں جیل کے اندر ہیں۔

اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر داخلہ شیخ احمد اور وزیراعظم عمران خان کو عالمی وبا سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔ تاہم وزیراعظم عمران خان ان دنوں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی وجہ سے اپنے گھر میں آئسولیٹ ہیں۔

پاکستان بھر میں ساٹھ سال اور اس سے زیادہ عمر کے شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں چاروں صوبوں اور دارالحکومت اسلام آباد میں خصوصی سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے آج جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 63 مریض اس مرض میں مبتلا ہو کر جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

ملک بھر میں ٹیسٹوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ گزشتہ روز مزید تین ہزار نو سو چھیالیس افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد چودہ ہزار ہزار اٹھائیس ہو چکی ہے اور اس مرض سے مجموعی طور پر چھ لاکھ چالیس ہزار نو سو اٹھاسی افراد متاثر ہیں۔


ای پیپر