سکول ابھی نہیں کھولیں گے ؟حکومت کا دوٹوک اعلان
25 جولائی 2020 (17:32) 2020-07-25

لاہور:ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کے تعاون سے کورونا وائرس کے پھیلاؤپر قابو پایا جارہا ہے تاہم پندرہ اگست سے سندھ میں کوئی اسکول نہیں کھلے گا۔

سندھ اسمبلی ?ڈیٹوریم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بہت لوگ اس کا کریڈٹ لینے کی کوشش کررہے ہیں لیکن حقیقت سب کے سامنے ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ کورونا ختم ہوگیا ہے ابھی بھی کورونا کے نئے مریض سامنے آرہے ہیں۔انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ ہمیں احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا ہے اگر احتیاط نہیں برتی تو کیسز بڑھ سکتے ہیں، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پی ٹی آئی کی کرپشن کو بے نقاب کررہے ہیں،عملی طور پر پی ٹی آئی اپنے نعرے سے منحرف ہوکر ایک نہیں دو پاکستان پر عمل کررہی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اپوزیشن کے لیے الگ قانون اور حکمران جماعت کے لیے علیحدہ قانون ہے، چینی اسکینڈل کی رپورٹ میں شوگر کمیشن خود کہتا ہے کہ پاکستان میں چینی کی قیمت بڑھنے کی ایک وجہ چینی برآمد کرنا تھا جبکہ چینی برآمد کرنے کا فیصلہ وفاقی حکومت نے کیا اور وفاقی حکومت کا سربراہ عمران خان نیازی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے نے کہہ دیا کہ نیب کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بہت عرصہ سے کہتے چلے آرہے ہیں کہ جرم ثابت ہونے پر آپ بے شک گرفتار کریں مگر وزیراعظم ہاوس یا بنی گالا سے عمران خان کو نہیں بلایا جاتا ہے، پندرہ اگست سے سندھ میں کوئی اسکول نہیں کھلے گا، ہم بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے اور نہ ہی پرائیوٹ اسکول انتظامیہ کو یہ اجازت دیں گے، سندھ میں جتنی بھی ٹیسٹنگ ہورہی ہے اس میں مثبت مریضوں کی شرح بہت کم ہورہی ہے۔

دریں اثنامحکمہ داخلہ سندھ نے ایک حکمنامے میں واضح کیا ہے کہ صوبے بھر میں پبلک پارکس میں واک کرنے پرپابندی نہیں ہے۔محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق پبلک پارکس کے بجائے واٹر پارکس، تھیم پارکس اور تفریحی پارکس بند رہیں گے۔

سندھ حکومت نے واضح کیا کہ صوبے بھر میں ایسے پارکس جہاں جاگنگ ٹریکس ہیں ان پر پابندی نہیں ہے اور وہاں واک کی غرض سے جایا جا سکتا ہے۔نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا کہ امیوزمنٹ پارکس، تھیم پارکس اور واٹر پارکس پر پابندی بدستور برقرار ہے اور ایسے پارکس جہاں تفریحی جھولے لگے ہوں یا گیمنگ زونز بھی بند رہیں گے


ای پیپر