فوٹوبشکریہ فیس بک

قومی و صوبائی اسمبلیوں کیلئے پولنگ کا عمل ختم
25 جولائی 2018 (18:04) 2018-07-25

لاہور: قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لئے پولنگ کا عمل ختم ۔ اب صرف وہ لوگ ووٹ کاسٹ کر سکیں گے جو پولنگ اسٹیشنز کے اندر موجود ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آج 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ قومی اسمبلی کی 270 جب کہ چاروں صوبوں کی 570 نشستوں پر پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 6 بجے تک بلاتعطل جاری رہا۔ انتخابی عمل میں تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت کل 122 سیاسی و مذہبی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں۔ قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے 12 ہزار 570 امیدوار میدان میں ہیں۔

قومی کی 2 اور صوبائی اسمبلیوں کی 6 نشستوں پر مختلف وجوہات کی بناء پر انتخابات ملتوی کئے گئے ہیں جب کہ سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 6 سے پیپلز پارٹی کے میرشبیر بجارانی الیکشن سے قبل ہی بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

حق رائے دہی کے لیے ملک بھر میں 85 ہزار 252 پولنگ اسٹیشنز جبکہ 2 لاکھ 41 ہزار 132 پولنگ بوتھ قائم کئے گے ہیں۔ جس میں سے 17 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ انتخابات کے لئے مجموعی طور پر 21 کروڑ بیلٹ پیپر چھاپے گئے ہیں۔

قومی اسمبلی کے لئے سبز جب کہ صوبائی اسمبلی کے لئے سفید بیلٹ پیپر استعمال ہو گا۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار بیلٹ پیپرز میں سیکیورٹی فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔ اس مرتبہ پہلی بار تعلیمی اداروں کے علاوہ دوسرے اداروں سے بھی ملازمین کو انتخابی ڈیوٹی کا حصہ بنایا گیا ہے۔ فیڈرل ڈائریکٹوریٹ سے 6 ہزار سے زائد اساتذہ کو الیکشن ٹریننگ کرائی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن میں الیکشن سیل اور کنٹرول روم قائم کر دیا گیا۔ الیکشن سیل میں نتائج موصول کرنے کیلئے 6 سکرینیں نصب کر دی گئی ہیں۔ سکرینز پر آرا یم ایس اور آر ٹی ایس کے ذریعے نتائج موصول ہوں گے۔ ادھر الیکشن کمیشن میں قائم کنٹرول روم میں 3 سکرینیں نصب کی گئی ہیں۔


ای پیپر