فوٹوبشکریہ فیس بک

چیف الیکشن کمشنر پولنگ کا وقت شام 7بجے تک بڑھا دیں: شیخ رشید
25 جولائی 2018 (17:06) 2018-07-25

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے چیئرمین شیخ رشید احمد نے چیف الیکشن کمشنر سے پولنگ کا وقت شام 7 بجے تک بڑھانے کا مطالبہ کر دیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے سینٹر مشاہد حسین سید نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا تھا جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ پولنگ کے وقت میں ایگ گھنٹے کا اضافہ کیا جائے جسے الیکشن کمیشن کی جانب سے مسترد کر دیا گیا تھا۔

خیال رہے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ آج ہو رہی ہے، جہاں 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

قومی اسمبلی کی 270 جب کہ چاروں صوبوں کی 570 نشستوں پر پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 6 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گا۔ انتخابی عمل میں تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت کل 122 سیاسی و مذہبی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں۔ قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے 12 ہزار 570 امیدوار میدان میں ہیں۔

 

 


ای پیپر