فوٹوبشکریہ فیس بک

پولنگ ڈے پر ملک کے کئی شہروں میں بارش، پولنگ اسٹیشنز کے باہر پانی جمع ہو گیا
25 جولائی 2018 (15:50) 2018-07-25

 لاہور: پولنگ ڈے پر ملک کے کئی شہروں میں بادل جم کر برسے، تیز ہواؤں نے امیدواروں کے انتخابی کیمپ اکھاڑ دیئے۔ نشیبی علاقوں میں قائم پولنگ اسٹیشنز کے باہر پانی جمع ہو گیا جس کی وجہ سے ووٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون نے رنگ جمایا اور ووٹرز کو بھی خوب ستایا لیکن لاہور میں بارش ووٹرز کا جوش ٹھنڈا نہ کر سکی۔ نارووال میں کالی گھٹاؤں نے پولنگ اسٹیشنز کی جانب بڑھتے قدم روک لئے۔ گوجرانوالہ میں موسلادھار بارش ووٹرز کی راہ میں حائل رہی، منڈی بہاء الدین میں آندھی امیدواروں کے انتخابی کیمپ لے اڑی، پنڈدادنخان اور کھیوڑہ میں بھی رم جھم کے باعث پولنگ کا عمل سست روی کا شکار رہا۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ آج ہو رہی ہے، جہاں 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

قومی اسمبلی کی 270 جبکہ چاروں صوبوں کی 570 نشستوں پر پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 6 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گا۔ انتخابی عمل میں تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت کل 122 سیاسی و مذہبی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں۔ قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے 12 ہزار 570 امیدوار میدان میں ہیں۔

 

 

 


ای پیپر