فوٹوبشکریہ فیس بک

الیکشن کمیشن نے عمران، شہباز اور خواجہ آصف کی ٹی وی ٹاک کا نوٹس لے لیا
25 جولائی 2018 (13:07) 2018-07-25

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عمران خان، شہباز شریف اور خواجہ آصف کی میڈیا سے گفتگو کا سختی سے نوٹس لے لیا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا ہے کہ یہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ الیکشن کمیشن نے تمام چینلز کو بھی خلاف ورزی سے فوری اجتناب کی ہدایت کر دی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

الیکشن کمیشن نے تینوں شخصیات کو اظہار وجوہ کے نوٹس بھی جاری کر دیئے ہیں جب کہ متعلقہ ٹی وی چینلز کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

خیال رہے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ڈھوک جیلانی پولنگ اسٹیشن پر اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ سارے پاکستانی آج ووٹ ضرور ڈالیں اور میرے لیے نہیں آنے والی نسلوں کیلئے گھر سے ضرور نکلیں، ووٹ ڈالنا آپ کا فرض ہے جبکہ اپنے ملک کیلئے فرض ادا کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ نے جو موقع دیا ہے اس موقع کو ضائع نہ کریں اس ملک کی قدر کریں، فکر کریں اور اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔


ای پیپر