PM Imran Khan, nation, details, operation, occupation mafia, PML-N, PPP, PTI, Khokhar palace
25 جنوری 2021 (15:04) 2021-01-25

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے حکومتی ترجمانوں کو قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی رہنماؤں کا اجلاس ہو جس میں عمران خان نے قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی ہدایت کر دی۔

حکومتی ترجمانوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کو ن لیگ کی سرپرستی حاصل رہی ہے۔ سیاسی سرپرستی کے بغیر کوئی بھی سرکاری زمین پر قبضہ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حیرت ہے سرکاری زمینوں کا قبضہ چھڑانے کو بھی سیاسی انتقام قرار دیا جا رہا ہے۔

فارن فنڈنگ کیس پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس کیس میں ہمیں پھنسانے والے اب خود پھنس چکے ہیں ، الیکشن کمیشن میں ہمارا مؤقف درست ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ہر کردار کو سامنے لائیں گے ، اپوزیشن کی خام خیالی ہے کہ وہ پراپیگنڈا کرکے حقائق چھپالیں گے۔

عمران خان نے واضح کیا کہ براڈشیٹ کے معاملے پر شفاف اور منصفانہ تحقیقات کرانا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ کھوکھر برادران قبضہ مافیا اور گینگ تھا جن کے قبضے سے سوا کھرب روپے کی زمین واگزار کرائی گئی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ کسی دباؤ کے بغیر کھوکھر برادران کی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹولہ جعلی راجکماری کو 50 ، 50 لاکھ کے پرس گفٹ کرتا تھا۔

معاون خصوصی پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) قبضہ مافیا کی پشت پناہی کرتی تھی۔ ماضی میں سرکاری و غیر سرکاری گٹھ جوڑ سے اربوں روپے کمائے گئے ، ماضی میں بہتی گنگا میں پوری مسلم لیگ (ن) ہاتھ دھوتی رہی۔


ای پیپر