Imran Khan, agenda, sell everything, Maryam Aurangzeb, privatization
25 جنوری 2021 (14:33) 2021-01-25

لاہور: ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا قومی اثاثے نیلام کرنے پر شدید احتجاج ، کہا کہ آٹا، بجلی ، گیس ، دوا ، روزگار ، کاروبار کھانے والا کرپٹ مافیا اب قوم کے اثاثے کھا رہا ہے۔

تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب "سب بیچ دے" کے ایجنڈے پر کاربند ہیں ، قومی اثاثے جس طریقے سے گروی رکھے جا رہے ہیں ، کوئی محب وطن اپنے ملک کیلئے ایسے نہیں کر سکتا۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ پاکستان کے اثاثے گروی رکھنے کے ایجنڈے پر عمل کرنے کی صورت میں عمران خان کو فارن فنڈنگ ہوئی تھی۔ غیرقانونی ، غیر ملکی فنڈنگ کے اثرات آج پاکستان کے ہر شعبے میں دیکھے جاسکتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے اثاثے گروی رکھنے کا عمل روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف دور میں منصوبے بن رہے تھے جبکہ نئے پاکستان میں منصوبے نیلام ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف دور میں پاکستان کے اثاثوں میں اضافہ ہو رہا تھا نااہل حکومت نے پاکستان کو نیلام گھر بنا کر رکھ دیا ہے۔ نواز شریف اور شہباز شریف نے عوام کیلئے منصوبے بنائے ، نااہل حکمران منصوبے اور اثاثے بیچ رہے ہیں۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے کھیلوں کے میدان اور پارکس آباد کئے ، نئے پاکستان میں کھیلوں کے میدان اور پارکس کو نیلام کیا جا رہا ہے۔ نواز ، شہباز شریف نے موٹرویز ، پارک ، ہسپتال ، ہوائی اڈے بنائے جبکہ عمران صاحب ان سب کو گروی اور نیلام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف نائن پارک سمیت قومی اثاثے کوڑیوں کے بھاؤ گروی رکھے جا رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کسی ملک کیخلاف سب سے بڑی سازش نااہل حکومت مسلط کرنا ہوتا ہے ، حالات گواہی دے رہے ہیں عمران خان کو کیوں ملک پر مسلط کیا گیا؟ کیوں اربوں روپے عمران صاحب کی جیب میں ڈالے گئے؟


ای پیپر