Federal Minister, Fawad Chaudhry, PTI government, Asif Ali Zardari, PPP
25 جنوری 2021 (12:49) 2021-01-25

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ زرداری اینڈ کمپنی کو ہر 3 ماہ بعد لگتا ہے کہ آئندہ 3 ماہ بہت اہم ہیں۔

اپنے بیان میں فواد چودھری نے کہا کہ پھر وقت گزر جاتا ہے اور نیا بیان آتا ہے اگلے 3 ماہ بہت اہم ہیں ، انہوں نے کہا کہ 3 سال بعد بھی پیپلز پارٹی کا کوئی چانس نہیں ، زمانہ اور وقت آگے چلا گیا ہے اور آپ بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ آپ صرف اپنے بزنس پر توجہ دیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کو گھر بھیجنا اس وقت بہت ضروری ہو چکا ہے، پی ڈی ایم متحد ہے حکومت پر ہر طرف سے وار کرے گی۔

پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور احمد کو ٹیلی فون کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ملک شدید خطرات میں ہے حکمران کوئی بڑا بلنڈر کر سکتے ہیں، حکومت کو گھر بھیجنا اس وقت بہت ضروری ہو چکا ہے، پی ڈی ایم متحد ہے، حکومت پر ہر طرف سے وار کرے گی۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ اناڑی حکمرانوں کی نااہلی سے ملک کسی بڑے حادثے کا شکار ہو سکتا ہے، حکمرانوں کو اب مزید وبا کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے، نہ یہ ویکسین خرید سکے نہ لاک ڈاؤن کے دوران یہ عوام کی مدد کر سکے۔

آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے 2008 کے عالمی معاشی بحران کے باوجود ایکسپورٹ 19 ارب سے 26 ارب تک بڑھائی، ملک کا ریونیو ڈبل کیا، ملازمین کی 125 فیصد تنخواہیں بڑھائیں، سرکاری ملازمین کی پینشن میں 100 فیصد اضافہ کیا، لیکن اناڑی حکمرانوں نے آج ملک کے تمام اشاریے منفی کر دیئے۔

سابق صدر کا مزید کہنا تھا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا یہ سلیکٹڈ حکمران اپنے وزن سے خود گریں گے، اب یہ گر چکے ہیں، بس اب ایک آخری دھکے کی ضرورت ہے، پی ڈی ایم کے ساتھ مل کر پیپلز پارٹی اس ناکام اور نااہل ٹولے کو گھر بھیجے گی۔


ای پیپر