شیخ رشید نے ریلوے ہیڈ کوارٹر کراچی منتقل کرنے کا اعلان کر دیا
25 جنوری 2019 (14:00) 2019-01-25

کراچی: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ یکم فروری سے ریلوے کا ہیڈ کوارٹر کراچی منتقل کر رہا ہوں، عمران خان کے دور میں ٹرینوں کو عوام کی امنگوں کے مطابق چلائیں گے، وزیر کی نوکری عارضی نوکری ہوتی ہے،کرپشن معاف نہیں کروں گا،پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مزید دو ٹرینیں چلائی جائیں گی ، ایم ایل ون پرٹرینوں کی رفتار160 کلو میٹر فی گھنٹا ہوگی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہم 20 فریٹ ٹرینیں چلائیں گے، 30 مارچ کووی وی آئی پی مسافر ٹرین چلائیں گے، کراچی سے پشاور تک ٹریک تبدیل ہو گا، 10 مارچ سے قبل ایک اور مال بردار ٹرین چلائیں گے، یکم سے 28 فروری تک ٹرین میں ہوں گا، میں اپنا آفس فریٹ کے لیے راولپنڈی سے کراچی منتقل کررہا ہوں، اب جی ایم اور چیئرمین ریلوے کا دفتربھی یہاں ہوگا جب کہ یکم فروری سے ریلوے کا ہیڈ کوارٹر کراچی منتقل کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں ٹرینوں کو عوام کی امنگوں کے مطابق چلائیں گے، وزیر کی نوکری عارضی نوکری ہوتی ہے تا ہم کرپشن معاف نہیں کروں گا اور پاکستان ریلویزمیں کرپشن کے لیے عدم برداشت پالیسی اختیارکی ہے۔ دبئی کے دوسرمایہ کار پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری کیلیے دلچسپی رکھتے ہیں، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مزید دو ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ ایم ایل ون سے متعلق پیرکو وزیراعظم کی سربراہی میں اجلاس ہے، ایم ایل ون پرٹرینوں کی رفتار160 کلو میٹر فی گھنٹا ہوگی، ہم نے 4 ماہ میں 10 لاکھ لیٹر آئل بچایا ہے۔


ای پیپر