شرجیل نے سزا کاٹ لی ، قومی ٹیم میں شامل کرنا چاہیے: شعیب اختر
25 فروری 2021 (08:07) 2021-02-25

لاہور: سابق قومی کرکٹر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ جب سزا ہوجائے تو معافی کا عمل ہونا چاہیے، شرجیل خان کو 5 سال سزا دی گئی، اس نے اپنا اور ملک کا نقصان کیا، تاہم اب اس نے سزا کاٹ لی تو پاکستانی ٹیم میں شامل کرنا چاہیے۔

ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے لیجنڈری فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے کہا کہ شرجیل خان نے 100 رنز کئے لیکن اس کے پاس فٹں نہیں ہے، اسے اپنی فٹنس پر خاص توجہ دینا ہوگی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بہترین اوپنر مل گیا تھا جو باہر کی وکٹوں پر بھی رنز بنا سکتا تھا۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ اگر شرجیل اور کامران اکمل 5سال سے کھیل رہے ہوتے تو دنیا کو بہت پھینٹی لگاتے۔سابق فاسٹ باؤلر نے مزید کہا کہ حسین طلعت میں ٹیلنٹ ہے، اسے بھی ضائع نہیں کرنا چاہیے، ان لڑکوں کو ضائع نہیں کرنے کی بجائے، ان سے کام لیا جائے۔

پی ایس ایل کے حوالے سے مزید گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر کا کہنا تھا کہ یہاں جس کا مڈل آرڈر تگڑا ہوگا، وہی میچ جیتے گا۔  فاسٹ باؤلرز کو آؤٹ کرنا پڑے گا، تب ہی میچ بچے گا۔ میچ میں فاسٹ باؤلر زکی پرفارمنس نظر نہیں آئی۔ وکٹیں بہت اچھی بن رہی ہیں۔

قومی کپتان بابر اعظم بارے شعیب اختر نے کہا کہ بابر سے بہتر 10 اوور کوئی اور نہیں کھیلتا، بابر اعظم ایک اثاثہ اور ایک اچھا کپتان ہے، تاہم اس کا سٹرائیک ریٹ نیچے آیا ہے۔

شعیب اختر نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد عامر اور محمد آصف کا بہت اچھا کمبی نیشن کھڑا ہو گیا تھا، جب دونوں پکڑے گئے تو مجھے کہا گیا ایک سال اور کھیل لو،میں نے 2009ء ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا تھا۔ 


ای پیپر