فائل فوٹو

چین میں کرونا وائرس سے مزید 71 ہلاکتیں، تعداد 2663 ہو گئی
25 فروری 2020 (14:02) 2020-02-25

بیجنگ: چین سے پھیلنے والے جان لیوا کرونا وائرس کے کیسز دیگر ممالک سے بھی تیزی سے پھیل رہے ہیں جبکہ چین میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2663 تک جا پہنچی ہے۔

چین میں کووڈ -19 سے مزید 71 افراد ہلاک ہونے کی تصدیق کی جاچکی ہے جب کہ 508 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی کل تعداد 77 ہزار 685 ہوچکی ہے۔

چین کے بعد کرونا وائرس جنوبی کوریا میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں 60 نئے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 900 کے قریب پہنچ گئی ہے۔

تھائی لینڈ نے بھی کرونا وائرس کے 2 نئے کیسز کی تصدیق کی ہے۔ تھائی ہیلتھ حکام کے مطابق رپورٹ ہونے والے 2 مریضوں میں ایک خاتون ہیں جن کے اہل خانہ چین کا سفر کرتے رہے ہیں۔ جبکہ دوسرا مریض چینی سیاحوں کا ڈرائیور ہے، تھائی لینڈ میں مجموعی متاثرین کی تعداد 37 ہوچکی ہے۔

ویتنام میں بھی 16 افراد موذی وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ ویتنام ہیلتھ حکام کا کہنا ہے کہ 13 فروری کے بعد سے کرونا وائرس کا کوئی نیا کیس رپورٹ سامنے نہیں آیا ہے۔

ایران میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 10 سے زائد ہوچکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 45 کے قریب ہے۔


ای پیپر