فائل فوٹو

سعودی عرب نے پاکستانی شہریوں کو بڑی خوشخبری سنا دی
25 فروری 2020 (12:22) 2020-02-25

دبئی: سعودی عرب نے پاکستانی شہریوں کیلئے ایئرپورٹ آمد پر (آن ارائیول) ویزا جاری کرنے کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کر دیا جس کے تحت وہ عمرہ بھی ادا کرسکیں گے۔

یہ ملٹی پل ویزا ایک سال کے لیے بھی ہوسکتا ہے لیکن شرط ہے کہ پاکستانی کے پاسپورٹ پر امریکا، برطانیہ یا یورپی ممالک کا شینجن ویزا ہونا ضروری ہے تاہم اس ویزا پر وہ حج کی سعادت حاصل نہیں کرسکیں گے۔

یہ ویزا کسی بھی بین الاقوامی ایئرپورٹ پر 440 ریال کی رقم دے کر حاصل کیا جاسکے گا لیکن اس کیلئے کریڈٹ کارڈ ضروری ہے نقد رقم قبول نہیں کی جائے گا۔ اس کے بعد پاکستانی باشندے 90 روز کے لیے سعودی عرب میں ٹھہرسکیں گے اور ایک سے زائد مرتبہ سعودی عرب اپنی آمدورفت جاری رکھ سکیں گے۔

سعودی ایئرلائن کے ایک ترجمان نے بات کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی پاکستانی ، بھارتی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والا شہری اپنی آمد پر سعودی عرب کا ویزا حاصل کرسکتا ہے لیکن شرط یہ ہے کہ اس نے برطانیہ، امریکا اور یورپ کا ویزا کم ازکم ایک مرتبہ استعمال کیا ہو، اگر پاسپورٹ پر استعمال کی مہر نہ لگی ہو تو ویزا نہیں دیا جائے گا۔

دوسری شرط یہ ہے کہ ویزا کے خواہش مند فرد کو سعودی فضائی سروس مثلاً فلائی ناس اور فلائی ڈیل سے ہی سفر کرنا ہوگا لیکن یہ شرط پہلی مرتبہ آنے والے سیاح یا زائر کے لیے ہوگی، بار بار آنے والے کسی دوسری ایئرلائن کو استعمال کرسکیں گے۔


ای پیپر