فوٹو بشکریہ فیس بک

نواز شریف کو اڈیالہ جیل راولپنڈی سے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کردیا
25 دسمبر 2018 (13:15) 2018-12-25

لاہور : عدالتی حکم پر نیب ٹیم نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو اڈیالہ جیل راولپنڈی سے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق نیب ٹیم نے نواز شریف کو خصوصی طیارے پر اڈیالہ جیل راولپنڈی سے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کردیا۔ نور خان ائربیس سے نواز شریف کو براوو 350 طیارے میں روانہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ نواز شریف کو لاہور منتقل کرنے کے حوالے سے حکمت عملی تبدیل کی گئی تھی، پرواز پی کے 651 کیلئے بک کرائی گئی سیٹ کینسل کرادی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت اسلام آباد نے نواز شریف کو العزیزیہ سٹیل میں سات سال کی سزا سنائی ہے۔

دوسری جانب رہنما مسلم لیگ (ن) پرویز ملک نے کہا کہ نواز شریف کی قید سیاسی انتقام کی انتہا ہے۔ مارشل لا کے دور میں بھی ایسا ظلم نہیں کیا گیا، جلد ان بیرکوں میں موجودہ حکمران ہوں گے۔ ہم پاکستان کو قائداعظم کے نظریئے کے تحت آگے لے جانا چاہتے ہیں۔ نواز شریف دور میں پاکستان نے تاریخی ترقی کی۔

پُرامن کارکنوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک روا رکھا گیا، پولیس نے مجھ سمیت کارکنان پر لاٹھی چارج بھی کیا۔ اپنے رویے پر حکمرانوں کو شرم آنی چاہئے۔ ظلم کے یہ ضابطے ہم نہیں مانتے، ہمیں گرفتاریوں کا کوئی خوف نہیں ہے۔ نواز شریف سے ہماری ملاقات کرائی جائے، پرویز ملک کا مطالبہ۔


ای پیپر