فوٹو بشکریہ فیس بک

قائداعظم محمد علی جناح کا 143 واں یوم پیدائش آج عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے
25 دسمبر 2018 (11:26) 2018-12-25

اسلام آباد: بانی پاکستان، قائداعظم محمد علی جناح کا 143 واں یوم پیدائش آج بھرپور عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔

بابائے قوم 25 دسمبر 1876ء کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی ہی میں حاصل کی جس کے بعد وہ اعلیٰ تعلیم کے لئے لندن چلے گئے۔ انہوں نے 1896ء میں قانون کی ڈگری حاصل کی اور وطن واپس آ کر اپنے لیگل کیریئر کا آغاز کیا۔

بعدازاں انہوں نے آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ وطن کی جدوجہد کا آغاز کیا۔ ان کی کاوشیں اس وقت رنگ لائیں جب 14 اگست 1947ء کو قیام پاکستان کی صورت میں ان کے خوابوں کو تعبیر ملی۔ پاکستان قائداعظم کی قیادت اور ان کی انتھک جدوجہد کا اعتراف کرتا ہے۔

اس موقع پر عام تعطیل ہے اور تمام قومی و نجی عمارتوں پر پاکستان کا قومی پرچم لہرایا گیا ہے۔ دن کا آغاز کراچی میں مزار قائد پر قرآن خوانی سے ہوا۔ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر ملک بھر میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے جب کہ مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔

تقریب میں پی ایم اے کے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستہ نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ پاک فضائیہ کا دستہ گارڈز کے فرائض سے سبکدوش ہوگیا، گارڈ کے دستے میں خواتین کیڈٹس بھی شامل ہیں۔

جبکہ قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر مختلف سماجی، سیاسی، سرکاری و غیرسرکاری اداروں بشمول آزاد جموں و کشمیر میں بھی مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا گیا جن میں بابائے قوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔

زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے عوام یوم پیدائش کے موقع پر عظیم قائد کے مزار پر حاضری دے رہے ہیں اور فاتحہ خوانی کرنے کیلئے پہنچ رہے ہیں۔ اس موقع پر پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان عظیم قومی رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے خصوصی پروگرام نشر کررہے ہیں جبکہ اخبارات میں بھی خصوصی سپلیمنٹ شائع کئے گئے۔


ای پیپر