file photo

پنجاب کے تعلیمی اداروں کے لیے ایس او پیز جاری کر دیئے گئے
25 اگست 2020 (09:33) 2020-08-25

لاہور: محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے صوبےکے تعلیمی اداروں کےحوالےسے ایس او پیز کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئرپنجاب کی طرف سےجاری ایس او پیز میں کہا گیا ہے کہ مارننگ اسمبلی، اِن ڈور گیمز ، جھولوں، سلائیڈز، کھیلوں کی سرگرمیوں، سیمینارز، تقریری مقابلوں، کھیلوں کے مقابلوں اور ٹورنامٹس منعقد کرانے پر پابندی ہو گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ماسک پہننا لازمی ہوگا، اسکول بسوں میں کل گنجائش کا 50 فیصد استعمال کرناہوگا اور ہاسٹلز کی سہولت کیلئے صرف 30 فیصد گنجائش استعمال کی جائے گی جب کہ طلباء وطالبات کو صابن اور ہینڈ سینیٹائزر کی فراہمی یقینی بناناہوگی۔

 اس کے علاوہ سانس کی تکلیف میں مبتلا طالب علموں اور اسٹاف کو گھروں تک محدود رکھاجائے گا۔

نوٹیفکیشن میں یہ ہدایت بھی کی گئی ہےکہ تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے سے 3 دن قبل تعلیمی اداروں کی جامع صفائی اور ڈس انفیکٹ کیا جائے، تعلیمی اداروں کو روزانہ کی بنیاد پربھی ڈس انفیکٹ کیا جائے ، 6 فٹ کا سماجی فاصلہ لازمی رکھا جائے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہےکہ طالب علم ہاتھ ملانے کی پابندی پر عمل کریں، اسکولوں میں داخلے اور چھٹی کے وقت سماجی فاصلہ لازمی رکھا جائے، اساتذہ لیکچر دیتے وقت بھی سماجی فاصلہ اپنائیں، طالب علم اپنا دوپہر کا کھانا گھر سے لائیں، تعلیمی اداروں میں تمام بچوں کا تھرمل گن سے ٹمریچر چیک کیا جائے اور تمام طالب علموں کی الگ الگ ہیلتھ لاگ بک تیار کی جائے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت اور چاروں صوبوں کے درمیان 15 ستمبر سے اسکول کھولنے پر اتفاق کیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو کیا جائے گا۔


ای پیپر