فوٹو بشکریہ فیس بک

3 جنگیں پہلے لڑ چکے، چوتھی بھی لڑ لیں گے: فواد چودھری
25 اگست 2019 (15:15) 2019-08-25

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو وزیراعظم عمران خان جنرل اسمبلی میں اہم تقریر کرنے جا رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر پر بھارت سے سفارتی جنگ جیت چکے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیر بین الاقوامی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے۔ مودی نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ مودی لکیر کھینچ کر علاقے کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ مودی ایک فاشسٹ نازی حکومت کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ مودی کے گلے میں زیادہ ہی سریا آگیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم کا بچہ بچہ جنگ کیلئے تیار ہے۔ 2 ایٹمی طاقتیں آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑی ہیں۔ 3 جنگیں پہلے لڑ چکے، چوتھی بھی لڑ لیں گے۔ آپ امن چاہتے ہیں ہم امن کیلئے کھڑے ہیں۔ ہم نے بھارت کے ہر ممکن مسائل حل کرنے کی کوشش کی۔

فواد چودھری نے کہا کہ حریت رہنماؤں نے قربانیوں کی داستان رقم کی ہے۔ یاسین ملک ایک عرصے سے پابند سلاسل ہیں۔ ہم کشمیر کی بات احساس کی بنیاد پر کرتے ہیں۔ بھارتی حکومت نے کل راہول گاندھی کو کشمیر جانے نہیں دیا۔ کرفیو کے باعث زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ چھوڑیں کون سا ملک ہمارے لیے کیا کر رہا ہے۔ یو اے ای نے مودی کو جو ایوارڈ دیا اس سے پاکستان میں مایوسی ہے۔ دنیا میں اب کوئی اسلامی بلاک نہیں ہے۔ اس لیڈر شپ کا کیا فائدہ جو اپنے مسلمان بھائی کیلئے کھڑی نہیں ہوتی۔ مولانافضل الرحمان اور دیگر کیلئے اسلام نہیں اسلام آباد اہم ہے۔

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ پنجاب میں بچوں کو مدد کی ضرورت ہے، پرویزالٰہی کے دور میں ریسکیو، چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا آغاز ہوا۔ گمشدہ بچوں کے حوالے سے موبائل ایپ متعارف کرائی گئی ہے۔ ملک میں پناہ گاہوں کا نظام کامیابی سے چل رہا ہے۔ لاہور کے بچوں کے ساتھ کشمیر کے بچوں کا دکھ بھی ہمارے ساتھ ہے۔


ای پیپر