Source : Yahoo

وزریراعظم بننے پر لندن کے بزنس مین کی عمران خان کو انوکھے انداز میں مبارکباد
25 اگست 2018 (21:37) 2018-08-25

لندن :عمران خان کے وزیراعظم بننے کی خوشی میں برطانیہ کے ایک بزنس مین اشوانی کمار نے اپنی دکان کے باہر بینر لگا کر انہیں منفرد انداز میں مبارک باد پیش کی ۔

65 سالہ اشوانی کمار کے والدین کا تعلق پاکستان سے ہے، جنہوں نے 1947 میں تقسیم کے بعد گوجرانوالہ سے بھارت ہجرت کرلی، جہاں اشوانی کمار کی پیدائش ہوئی لیکن وہ کم عمری میں ہی لندن آکر مقیم ہوگئے۔اشوانی کمار کی لندن کے جنوب مغربی علاقے رچمنڈ میں ایک گروسری کی دکان ہے، جس کے ساتھ وہ ڈرائی کلینر کا بھی کام کرتے ہیں۔

عمران خان کے وزیراعظم بنتے ہی انہوں نے اپنی دکان کے باہر ایک بینر لگایا جس پر درج ہے،رچمنڈ کے داماد عمران خان کو پاکستان کا وزیراعظم بننے پر مبارک ہو۔دکان کے باہر عمران خان کی کامیابی کا بینر مقامی افراد کی توجہ کا مرکز بن گیا ،?جو راہ گیروں کو دور سے ہی نظر آجاتا ہے۔واضح رہے کہ رچمنڈ وہ علاقہ ہے جہاں عمران خان کی پہلی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کے اہل خانہ رہائش پذیر ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اشوانی کمار نے بتایا کہ جمائما کے بھائی زیک گولڈ اسمتھ،، رچمنڈ پارک کے مقامی ایم پی ہیں جن سے ان کا والد اور بیٹے جیسا تعلق ہے جبکہ ان کے والد سے بھی ان کی کافی دوستی تھی جب وہ حیات تھے۔انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی جمائما سے شادی ان کی دکان سے کچھ دور واقع ایک رجسٹری آفس میں ہوئی تھی اس وقت وہ اخبارات بھی فروخت کیا کرتے تھے اور اکثر ہی عمران خان اور ان کے سابق سسرالی ان کے پاس آیا کرتے تھے، تب سے ہی اس خاندان سے ان کے بہترین تعلقات ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان جب بھی لندن آتے اینابیل گولڈ اسمتھ ہاوس میں رہتے تھے۔ ایک دن وہ ایک مقامی شخص کی طرح ان کے پاس کرتا شلوار میں آئے اور ان سے  اخبار خریدا، وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے جبکہ عمران خان نے صرف مختصر گفتگو کی اور مسکرا دیئے۔ انہوں نے کہاکہ جب سے انہوں نے عمران خان کیلئے بینر لگایا ہے، تب ہی گزرتی ہوئی گاڑیاں ہارن بجاتی ہیں یا مقامی افراد وہاں رک کر مٹھائی وغیرہ کھاتے ہیں اور جشن مناتے ہیں۔


ای پیپر