Source : Yahoo

شہری پر تشدد کرنے والے تحریک انصاف سندھ اسمبلی کے رکن کو انوکھی سزا سنا دی گئی
25 اگست 2018 (20:05) 2018-08-25

کراچی: شہری پر تشدد کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ ڈاکٹر عمران شاہ پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔ عمران علی شاہ اولڈ پیپلز ہوم میں پانچ لاکھ روپے چندہ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عمران شاہ ایدھی ہومز میں بیس بزرگوں کا علاج بھی کریں گے۔ اگر ڈاکٹر عمران شاہ نے دوبارہ ایسا کیا تو انہیں پارٹی سے نکال دیں گے۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب رکن اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عمران شاہ کراچی کے علاقہ اسٹیڈیم روڈ پر شہری پر تشدد کررہے ہیں۔یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی پاکستان تحریک انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا۔

سوشل میڈیا صارفین نے عمران علی شاہ کی حرکت کو اسٹیٹس کو اور پروٹوکول کی مخالفت کرنے والی پی ٹی آئی کے دوہرے معیار سے منسوب کیا۔پی ٹی آئی رہنما نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ندامت کا اظہار کیا اور واضح کیا کے ذمہ دار شہری اور منتخب رکن سندھ اسمبلی ہونے کے ناطے ان پر شہریوں کی حفاظت کا ذمہ زیادہ ہے اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس بات کو بھی واضح کیا کہ ویڈیو میں ادھوری حقیقت دکھائی گئی۔انہوں نے شہری کو اس لیے مارا پیٹا کیونکہ اس نے ایک غریب موٹرسائیکل سوار کو بار بار اپنی گاڑی سے ٹکر ماری تھی۔


ای پیپر