Source : Yahoo

میڈیا کی تنقید نے مجھے بہتر کھلاڑی بنادیا ہے،امام الحق
25 اگست 2018 (18:01) 2018-08-25

اسلام آباد :پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپننگ بیٹسمین امام الحق نے کہا ہے کہ زمبابوے کے خلاف فخر زمان نے کہا تھا لگتا ہے ہماری ورلڈ ریکارڈ پارٹنر شپ ہوگئی ہے ، فخر کا یہ محض خیا ل تھا ، ڈریسنگ روم میں جا کر پتہ چلا ہم نے پہلی وکٹ کی ورلڈ ریکارڈ شراکت قائم کر دی ہے ۔

امام الحق نے غیر ملکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ریکارڈ بنتے ہیں تو پتہ نہیں چلتا ،جب میں اور فخر بیٹنگ کر رہے تھے تو اس وقت ہمیں ورلڈ ریکارڈپارٹنرشپ کے بارے میں پتہ نہیں تھا لیکن جب میں آﺅٹ ہو کر جانے لگا تو فخر نے مجھ سے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ شاید ہماری یہ پارٹنرشپ ون ڈے کی بہترین اوپننگ پارٹنرشپ ہو گئی ہے۔فخر کا یہ محض خیال تھا کیونکہ انھیں بھی یقین سے معلوم نہیں تھا لیکن جب میں ڈریسنگ روم میں گیا تو وہاں پتہ چلا کہ ہم نے پہلی وکٹ کی ورلڈ ریکارڈشراکت قائم کردی ہے۔

فخر زمان کے ساتھ دوستی کے بارے میں امام الحق نے کہا کہ مجھے فخر کے ساتھ کھیلنے میں مزہ آتا ہے ،ہماری دوستی بھی بہت اچھی ہے اور ہم ایک دوسرے کو بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں ،اگرچہ پاکستانی ٹیم میں ہم دونوں کو ایک ساتھ اوپننگ کرتے ہوئے صرف چند ہی میچز ہوئے ہیں لیکن ہم دونوں ڈومیسٹک کرکٹ میں دو سال سے حبیب بینک کی طرف سے اوپننگ کر رہے ہیں۔فخر کا انداز جارحانہ ہے جبکہ میں پہلے سیٹ ہوتا ہوں پھر جارحانہ بیٹنگ کرتا ہوں۔

امام الحق نے کہاکہ فخر زمان اور وہ ایک دوسرے کو بیٹنگ کے دوران مدد بھی کرتے ہیں ،جب ہم ایک ساتھ کھیل رہے ہوتے ہیں تو ایک دوسرے کی غلطیوں کی نشاندہی کرتے ہیں مثلا جب مجھے رنز بنانے میں دشواری ہورہی ہوتی ہے تو فخر مجھے کہتا ہے کہ تم جلدبازی مت کرو اور خراب گیند کا انتظار کرو میں اپنے اینڈ سے سکور کرلوں گا اور جب وہ جلدبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اوٹ پٹانگ شاٹس کھیلتا ہے تو میں اسے سمجھاتا ہوں کہ دو تین گیندوں پر اگر رنز نہیں بھی بن رہے ہیں تو پریشان مت ہو کیونکہ تم ایسے بیٹسمین ہو کہ دو تین گیندوں پر ہی حساب برابر کرسکتے ہو۔

امام الحق نے کہا کہ میڈیا کی تنقید نے انھیں زیادہ بہتر کھلاڑی بننے پر مجبور دیا ،میں نے جب سے انٹرنیشنل کرکٹ شروع کی ہے اللہ کی مہربانی سے میرے لیے چیزیں آسان ہوتی جارہی ہیں ،میں اس کا کریڈٹ اپنے کوچز کو دینا چاہتا ہوں ،میں اس سلسلے میں میڈیا کا بھی ذکر کروں گا جس نے میری سلیکشن پر اتنی زیادہ تنقید کی کہ میں نے سوچ لیا تھا کہ میں نے اس تنقید کو غلط ثابت کرنا ہے۔جتنی زیادہ تنقید مجھ پر ہوتی میں اتنی ہی زیادہ محنت شروع کردیتا حالانکہ مجھ پر تنقید بغیر سوچے سمجھے اور میرے اعداد و شمار دیکھے بغیر ہوئی تاہم اس کا فائدہ مجھے یہ ہوا کہ میں نے اپنے کھیل پر زیادہ توجہ مرکوز کی اور معاملات میرے لیے آسان ہوگئے۔

امام الحق کی ایک یادگار اننگز آئرلینڈ کے خلاف ناقابل شکست 74 رنز کی میچ وننگ اننگز تھی ،اس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ آپ کہہ سکتے ہیں کہ حالات کی مناسبت سے یہ میری یادگار ترین اننگز ہے کیونکہ یہ میرا پہلا ٹیسٹ میچ تھا ظاہر ہے میں نروس بھی تھا۔پہلی اننگز میں میں جلد آٹ ہوگیا تھا اور دوسری اننگز میں پاکستان کی تین وکٹیں صرف چودہ رنز پر گرگئی تھیں۔ کنڈیشنز بولرز کیلئے مددگار تھیں ،میں نے اپنے اوپر کوئی پریشر نہیں لیا۔ بابراعظم اور میں نے یہی فیصلہ کیا تھا کہ اپنا نیچرل گیم کھیلنا ہے اور جو بھی خراب گیند ملے گی اس پر اٹیک کرنا ہے۔ اس سنچری پارٹنرشپ میں بابراعظم کا بھی اہم کردار رہا۔ بدقسمتی سے وہ 59رنز بناکر رن آٹ ہوگئے تاہم ہم دونوں کی اننگز یادگار رہیں گی۔


ای پیپر