وفاقی حکومت کی طرف سے بیوروکریسی میں تبادلوں کی تفصیلات جانیے
25 اگست 2018 (16:32) 2018-08-25

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اعلیٰ سطح کی بیوروکریسی میں محکموں اور عہدوں میں ردوبدل کرتے ہوئے پرانے چہروں کو ہی نئی ذمہ داریاں سونپ دیں۔


اس ضمن میں اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن کی جانب سے جاری کردہ نوٹِفکیشن کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس) میں تعینات 22 گریڈ کے افسر اعجاز منیر جو سیکریٹری ایوی ایشن ڈویثرن تعینات تھے، کو اسٹیبلشمنٹ سیکریٹری مقرر کردیا گیا۔تاہم ان کے ماتحت افسر اورنگزیب حق کے بارے میں فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ اس کے علاوہ اِن لینڈ ریونیو سروس کے افسر طارق محمود پاشا کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں وزارت شماریات سے وزارت کشمیر اور شمالی علاقہ جات (کے اے این اے) میں تعینات کردیا گیا۔انہی تبدیلیوں کے تحت وزارت کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں تعینات 22 گریڈ کے افسر محمد ایوب شیخ کا تبادلہ کرتے ہوئے سیکریٹری شماریات ڈویثرن کا عہدہ دے دیا گیا۔ادھر پی اے ایس کے ایک اور 22 گریڈ کے افسر ثاقب عزیز جو کیپِٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈیولپمنٹ ڈویڑن کے سیکریٹری تھے انہیں ایوی ایشن سیکریٹری کے عہدے پر تعینات کردیا گیا۔


دوسری جانب پی اے ایس کے ہی ایک اور افسرمحمد جلال سکندر سلطان کا وزارتِ پیٹرولیم سے تبادلہ کرتے ہوئے اسٹیٹ اینڈ فرنٹیئر ریجن ڈویثرن میں بطور سیکریٹری مقرر کردیا گیا۔اس کے علاوہ پی اے ایس کے گریڈ 21 کے افسر جو خصوصی ذمہ داری پر تعینات تھے، انہیں وزارت پیٹرولیم میں قائم مقام ایڈیشنل سیکریٹری بنادیا گیا۔خیال رہے کہ انہیں فیصلوں کے تحت خیبر پختونخوا حکومت میں اپنی ذمہ داریاں سر انجام دینے والے گریڈ 19 کے افسر محمد طارق کا تبادلہ کرتے ہوئے وزیراعظم ہاؤس میں جوائنٹ سیکریٹری کا عہدہ دے دیا گیا۔


ای پیپر