ہم نے بلا مشروط عمران خان کی حمایت کی ہے : شاہ زین بگٹی
25 اگست 2018 (15:32) 2018-08-25

ڈیرہ بگٹی :جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ میرے والد نواب اکبر بگٹی سے لیکر آج تک پارٹی کے کسی عہدیدار پر کرپشن کا ایک بھی الزام نہیں لگا ہے ٗ ہم نے پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کی بلا مشروط حمایت کی ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ ہمیں کبھی مایوس نہیں کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوری وطن پارٹی کامنشور صرف اور صرف عوام کی خدمت اور ان کی فلاح وبہبود ہے ۔ہماری عوام نے بدعنوانی کرپشن اقربا پروری اور میرٹ کی پامالی سے تنگ آکر انہیں اور ان کے بھائی نوابزادہ گہرام خان کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا ہم انشااللہ اپنے ووٹر کو کبھی مایوس نہیں کرینگے،ڈیرہ بگٹی سمیت اپنے پورے حلقے کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں اپنا ایماندارانہ کردار ادا کریں گے۔

جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ راجن پور ٹو کوئٹہ روڈ براستہ ڈیرہ بگٹی اور لہڑی ان کی پہلی ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ اس شاہراہ سے نہ صرف بلوچستان بذریعہ روڈ قومی دھارے میں شامل ہوگا بلکہ دیگر شاہراہوں کے نسبتا" کم فاصلہ ہونے کے باعث ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھل جائیں گی۔


ای پیپر