In Lahore, 28 more patients died from corona, lockdown was imposed in hotspot areas
کیپشن:   فائل فوٹو
25 اپریل 2021 (11:30) 2021-04-25

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 28 مریضوں کی اموات نے شہر میں خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ہاٹ سپاٹ علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں گزشتہ روز پنجاب میں 92 جبکہ لاہور میں 51 مریض آئی سی یو میں داخل کیے گئے۔ صوبے بھر میں صرف ایک روز میں ہی 67 کورونا مریضوں کا انتقال ہوا۔ لاہور کے ہسپتالوں میں 274 مریض آئی سی یو میں زیر علاج ہیں، ان میں سے 23 کورونا مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ روز صوبہ پنجاب میں 20728 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 3056 شہریوں کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا۔ صرف لاہور کی بات کی جائے تو یہاں 2138 ٹیسٹ کئے گئے اور 1428 افراد وبائی مرض میں مبتلا نکلے۔ لاہورمیں کورونا مثبت کیسز کی شرح 17 اعشاریہ 38 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ادھر بلوچستان میں گزشتہ ماہ کورونا سے صحتیابی کی شرح تقریباً 98 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔ بلوچستان میں کورونا سے متاثرہ 21,618 میں سے 20,159 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ جبکہ بلوچستان میں کورونا کے باعث انتقال کرنے والوں کی تعداد 232 ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز بلوچستان میں کورونا کے باعث 2 مریضوں کا انتقال ہوا۔

کورونا آپریشن سیل کے مطابق دو روز قبل بلوچستان میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 1142 ریکارڈ کی گئی تھی۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بلوچستان کے 3 اضلاع میں کورونا کا ایک، ایک ٹیسٹ پازیٹو ہوا۔ ایک ہفتے کے دوران بلوچستان کے 10 اضلاع میں کورونا کا کوئی ٹیسٹ ریکارڈ نہیں ہوا جبکہ گزشتہ روز بلوچستان کے 21 اضلاع میں کورونا کا کوئی ٹیسٹ نہیں ہوا۔

کوئٹہ میں کورونا کے مثبت کیس 12.3 فیصد تک پہنچ گئے ہیں۔ گزشتہ روز کوئٹہ میں 988 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سئ 122 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ بلوچستان میں سب سے زیادہ کورونا کے مثبت کیس کوئٹہ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز بلوچستان میں کورونا کے 1229 ٹیسٹ ہوئے جن میں سے 141 کا رزلٹ مثبت آیا۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر کے 633 ہسپتالوں میں کورونا کے 5 ہزار 791 مریض داخل ہیں۔ پشاور 80، صوابی 75 فیصد، مردان 68 فیصد، گوجرانوالہ کے 85 فیصد، لاہور 85 اور مردان میں 60 فیصد وینٹی لیٹرز پر کورونا مریض زیر علاج ہیں۔

ملک بھر میں اب تک 7 لاکھ 95 ہزار 627 افراد میں کورونا تشخیص جبکہ اب تک صحتیاب افراد کی تعداد 6 لاکھ 89 ہزار 812 ہو چکی ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئیں۔ این سی او سی کے مطابق صوبہ پنجاب میں 67، کے پی میں 37، سندھ میں 6 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ گوجرانوالہ میں 88 فیصد، ملتان میں 85 فیصد وینٹی لیٹرز پر مریض موجود ہیں۔


ای پیپر