Photo Credit Yahoo

ہمارے کسی ملک کے خلاف کوئی مخالفانہ عزائم نہیں، آرمی چیف
25 اپریل 2018 (22:15) 2018-04-25

راولپنڈی / ماسکو: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہمارے کسی ملک کے خلاف کوئی مخالفانہ عزائم نہیں ، ہم مساوی سالمیت اور رابطوں کے ذریعے باہمی ترقی پرمبنی متعاون فریم ورک کے لئے کام جاری رکھیں گے،پاکستان سرد جنگ کے اثرات سے نکلنا چاہتا ہے جو کہ ابھی تک جنوبی ایشیاء میں موجود ہیں، پاکستان ہر اس اقدام کا خیر مقدم کرتا ہے جو افغانستان میں امن و استحکام لا سکتا ہے اور اس سے پورے خطے کو فائدہ ہو گا ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوبد باجوہ نے بدھ کو اپنے دورہ روس کے دوسرے روز روس کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل ویلیری ویسل وک گیراسیموف سے وزارت دفاع ماسکو میں ملاقات کی جس دوران علاقائی سلامتی اور دو طرفہ سیکیورٹی تعاون سے متعلق باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل گیراسیموف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا اور کہا کہ روس افغانستان میں امن و مفاہمت کے لئے پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

ملاقات کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان ہر اس اقدام کا خیر مقدم کرتا ہے جو افغانستان میں امن و استحکام لا سکتا ہے اور اس سے پورے خطے کو فائدہ ہو گا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان سرد جنگ کے دور سے نکلنا چاہتا ہے جو کہ ابھی تک جنوبی ایشیاء میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کسی ملک کے خلاف کوئی مخالفانہ عزائم نہیں بلکہ ہم مساواتی سالمیت اور رابطوں کے ذریعے باہمی ترقی پرمبنی متعاون فریم ورک کے لئے کام اور پیش قدمی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ علاقائی تعاون کی بنیاد برابری ، خودمختاری اور روابط کے ذریعے باہمی خوشحالی ہونی چاہئے۔


ای پیپر