File Photo

چیف جسٹس کے قافلے کو حادثہ ،6گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں
25 اپریل 2018 (14:43) 2018-04-25

مانسہرہ: بالا کوٹ جاتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثارکے قافلے میں جانے والی 6 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں ۔ چیف جسٹس پاکستان زلزلہ زدگان کی صورت حال کے جائزے کے لیے اسلام آباد سے بالا کوٹ جارہے تھے کہ مانسہرہ کے قریب پکوال چوک پر ان کے قافلے میں شامل 6 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں ۔ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں میں چیف جسٹس کے پروٹوکول، رینجرز اور میڈیا کے نمائندوں کی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔


حادثہ ایک گاڑی کے ڈرائیور کی جانب سے غیر متوقع بریک لگانے کی وجہ سے پیش آیا ہے تاہم حادثے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے زلزلہ متاثرین فنڈز کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار نے بالاکوٹ کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں جانے کا فیصلہ کیا اور درخواست گزاروں کو بھی ساتھ چلنے کی ہدایت کی۔ چیف جسٹس نے رجسٹرار سپریم کورٹ سے پرائیویٹ ہیلی کاپٹر سے متعلق معلومات لیتے ہوئے کہا کہ ہیلی کاپٹر کرایہ پر لینے کا کیاریٹ ہے، اپنے خرچے پر زلزلہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔


ای پیپر