Source : Yahoo

مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں بڑے فیصلے
24 ستمبر 2018 (17:45) 2018-09-24

اسلام آباد :وزیراعظم عمران خان نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے دوران تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو اہم ملکی معاملات میں ساتھ لے کر چلنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔وزیراعظم ہاوس میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سمیت کونسل کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وفاق اور صوبوں کے درمیان 18ویں ترمیم کے بعد تقسیم شدہ امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی جب کہ صوبائی وزرائے اعلیٰ نے مختلف تجاویز اور مسائل سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزرائے اعلیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ وفاق تمام اہم قومی معاملات پر صوبوں کو ساتھ لے کر چلے گااور وفاقی و صوبائی حکومتوں میں مضبوط رابطوں اور ہم آہنگی سے ملک ترقی کرےگا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صوبوں کو مزید خود مختار بنانا چاہتے ہیں اور صوبوں کی ترقی کے لیے انقلابی پروگرام رکھتے ہیں،وزیراعظم نے یقین دلایا کہ وسائل کی شفاف تقسیم اور اس کی نچلی سطح تک منتقلی ہر صورت یقینی بنائیں گے اور ملکی ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچائیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے شرکاءکو مقامی حکومتوں کے نئے نظام اور جامع اصلاحات کے بارے میں بھی اعتماد میں لیا۔


ای پیپر