Government, opposition parties, pandemic, Young Doctors
24 نومبر 2020 (15:01) 2020-11-24

راولپنڈی: ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر ڈاکٹر بلال بشیر کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن جلسہ جلسہ کھیل کر عالمی وبا مزید پھیلنے کی دعوت دے رہے ہیں۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر بلال بشیر کا کہنا تھا کہ ملک میں عالمی وبا کی دوسری لہر خطرناک حد تک پھیل رہی ہے۔ لیکن نا حکومت اور نا ہی اپوزیشن پارٹیز اس مسئلے کو حل کرنے میں سنجیدہ ہے۔ نازک ترین حالات میں بھی حکومت غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے ڈاکٹروں کو ہیلتھ رسک الاؤنس دینے کا اعلان کیا لیکن آج تک نہیں دیا۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کے پھیلاو کے باعث ملک ایک بار پھر لاک ڈاون کی طرف بڑھ رہا ہے۔ لیکن اس کے باوجود شہری وبا سے متعلق حکومتی ہدایات کو نظر انداز کرتے نظر آ رہے ہیں۔ شہریوں سے ماسک کا استعمال نہ کرنے اور سماجی رابطے کو نظر انداز کرنے سے متعلق جب سوال کیا گیا تو اکثر کا کہنا تھا کہ عالمی وباء ہماری سمجھ سے باہر ہے کہ یہ ہے بھی کہ نہیں۔

کچھ کا کہنا تھا کہ عالمی وبا کی دوسری لہر میں بے احتیاطی ہوئی جس کے باعث کیسز میں اضافہ ہوا۔

ادھر گورنر ہاوس سندھ کے پانچ ملازمین میں وبا کی تصدیق ہوئی ہے۔ 50 فیصد سرکاری ملازمین گھروں سے دفتری امور نمٹائیں گے۔ جبکہ لاہور میں قرنطینہ سنٹرز دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ادھر عالمی وبا کی تباہ کاریاں جاری ہیں، دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 5 کروڑ 95 لاکھ 14 ہزار سے تجاوز کرچکی۔ وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 14 لاکھ 2 ہزار سے زائد ہوچکی۔

غزہ میں بھی وبا قابو سے باہر ہوگئی، یومیہ کیسز کی تعداد بڑھنے لگی جبکہ 70 افراد انتقال کر چکے ہیں۔

امریکی ڈرگ ریگولیٹرز نے وبا کی اینٹی باڈی تھیراپی کی ہنگامی بنیادوں پر منظوری دے دی۔ چین نے عالمی ادراہ صحت کو ویکسین کی تیاری اور فراہمی کیلئے عالمی برادری سے تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔


ای پیپر