فٹ پاتھ والوں کو ٹینٹ اور کھانا فراہم کیا جائے : وزیر اعظم کی ہدایت
24 نومبر 2018 (15:25) 2018-11-24

اسلام آباد :وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو فٹ پاتھ پرسونے والوں کو ٹینٹ اور کھانا فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو کہا ہے کہ فٹ پاتھ پر سونے والوں کوٹینٹ اور کھانا فراہم کریں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ان افراد کو شیلٹرہوم کی تعمیر تک کھانا اور ٹینٹ فراہم کیاجائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پشاور اور کراچی میں شیلٹر ہوم کے مقامات کا انتخاب کیا جارہاہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بے گھر افراد کیلئے لاہور میں شیلٹر ہوم کا افتتاح کیا ۔

مزید برآں وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار سے مختلف شہروں سے آئے شہریوں نے ملاقات کی ، لوگوں سے مصافحہ کیا اورمسائل سنے۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کمزور کے ساتھ کھڑی ہے، 90 دن میں جتنا کام کیا ماضی کی حکومتیں کسی دورمیں نہ کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری طاقت عوام ہیں اور ان کے مسائل اپنے مسائل سمجھتا ہوں، عام آدمی کا معیار زندگی بہترکرنے کے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔سردارعثمان بزدار نے کہا کہ عوامی خدمت کے سوا ہمارا کوئی اور ایجنڈا نہیں، جو عوامی مسائل حل نہیں کریں گے ان کیخلاف کارروائی ہوگی۔


ای پیپر