چیف جسٹس ثاقب نثار نے آبادی پر کنٹرول مہم کا اعلان کر دیا
24 نومبر 2018 (14:23) 2018-11-24

مانچسٹر : چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے آئندہ ماہ سے آبادی پر کنٹرول کیلئے مہم شروع کرنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ دو بچے ہی اچھے مہم کا آغاز اپنے گھر سے کروں گا۔

ایک انٹرویو میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا کہ انہیں خوف تھا کہ چیف جسٹس کو فنڈ ریزنگ پر نہیں جانا چاہیے لیکن احساس ہوا کہ یہ خوف غلط تھا ٗپاکستانیوں کی حب الوطنی اور جذبہ دیکھ کر چندے کی اپیل کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے کچھ بڑوں سے توقع تھی تاہم انہوں نے ڈیم فنڈ میں خاطر خواہ حصہ نہیں ڈالا، افسوس اربوں کمانے والوں نے ڈیم فنڈ میں ایک ارب بھی واپس نہیں دیا، حساب لوں گا کہ کس نے کتنی جائیدادیں بنائیں؟ چیف جسٹس نے کہا کہ لانچ پر پیسے باہر بھیجنے والوں کو بھی حساب دینا پڑے گا، تین ارب روپے کی پراپرٹی دبئی میں کیسے بنائی؟ یہ سارا پیسہ پاکستانی قوم اور ٹیکس دہندگان کی امانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیم کے مخالف چند مفاد پرست ڈیم بننے سے نہیں روک سکتے، دریائے سندھ کا پانی عوام کی امانت ہے، اس میں کوئی خیانت نہیں کرسکتا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ لندن میں ڈیم مخالف مظاہرے سے پتہ چل گیا کہ آج تک ڈیم کیوں نہ بنے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ وہ اربوں روپے لوٹ کر باہر جائیدادیں بنانے والوں سے حساب لیں گے، جس کے بعد ڈیم فنڈ کے لیے مزید چندے کی ضرورت نہیں رہے گی۔اس موقع پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے صدقِ دل سے چندہ دیا ہے ٗان کا بیحد مشکور ہوں ٗیہ رقم سپریم کورٹ کے پاس امانت ہے۔


ای پیپر