file photo

ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے
24 May 2020 (10:20) 2020-05-24

لاہور: ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے، مختلف شہروں میں عید کے بڑے اجتماعات ہوئے، جن میں لوگوں نے بھرپور شرکت کی اور ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد بھی دی، تاہم اس بار کورونا کی وبا کے پیش نظر عید کے اجتماعات میں حکومتی ہدایات کے مطابق سماجی فاصلے سمیت دیگر احتیاطی تدابیر کا بھی خاص خیال رکھا گیا۔

اسلام آباد کی فیصل مسجد میں لوگوں کی بڑی تعداد نے نماز عید ادا کی۔ امت مسلمہ، مقبوضہ کشمیر، ملک کی ترقی و خوشحالی اور کورونا وبا کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

لاہور کی بادشاہی مسجد میں نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا جس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ منصورہ لاہور میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی امامت میں نماز ادا ہوئی۔

کراچی میں عید الفطر کا اجتماع سبیل والی مسجد گورومندر میں ہوا، شہریوں نے نماز کی ادائیگی کے بعد ایک دوسرے کو مبارکباد بھی دی۔

دیگر مقامات پر بھی نماز عید ادا ہوئی کوئٹہ سمیت بلوچستان میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے نماز ادا کی اور ایک دوسرے کو مبارکباد بھی دی۔

خیبرپختونخوا میں بھی نماز عید کے محدود اجتماعات ہوئے، نماز عید کے اجتماعات میں لوگوں نے سماجی فاصلے کے ساتھ ساتھ دیگر احتیاطی تدابیر کا بھی خیال رکھا۔


ای پیپر