دو سابق وزراء کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان
24 جولائی 2020 (19:47) 2020-07-24

اسلام آباد : دو سابق وزراء نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق انتخابات سے قبل پی ٹی آئی کی صفوں میں گلگت بلتستان میں اہم سیاسی پیش رفت ہوئی ہے۔ سابق وزیر صحت حاجی گلبر خان اور سابق وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حیدر خان نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

گلگت بلتستان کی نامور سیاسی و سماجی شخصیات حاجی گلبر خان اور حیدر خان نےچیف آرگنائزر سیف الله خان نیازی سے ملاقات کی اور وزیراعظم عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔بتایا گیا کہ حاجی گلبر خان اور حیدر خان نے چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف الله خان نیازی سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نظام کی تبدیلی کا جامع پروگرام دیا اور نہایت کامیابی سے اس پر عمل پیرا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے انسداد، عوام کی بہبود اور ملکی وسائل کی ترقی کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا وژن نہایت پرکشش ہے جس میں گلگت بلتستان کے عوام اپنا روشن مستقبل دیکھتے ہیں۔


ای پیپر