شہباز شریف کا بیان حسد کا اظہار ہے : فردوس عاشق اعوان
24 جولائی 2019 (20:49) 2019-07-24

اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی کامیابیوں سے ہاوس آف شریف کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی، وزیر اعظم نے تنازعہ کشمیر کے حل کی اہمیت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہاوزیراعظم عمران خان کی دورہ امریکا کی کامیابیوں سے ہا وس آف شریف کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی۔ شہباز شریف کا بیان کپتان کے خلاف حسد کا اظہار ہے۔امریکا میں پاکستانیوں کا تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ دیکھ کر برداشت نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا عمران خان کشمیریوں کے وکیل بن کر ابھرے۔تنازع کشمیر کے حل کی اہمیت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔ شہباز شریف کشمیر پر سیاست کرنے سے پہلے آنکھیں کھول کر سید علی گیلانی کا بیان پڑھ لیتے۔کشمیریوں کے قائد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کم ظرف سوچ کے ساتھ بسوں میں سفر کا طعنہ دینے کی بجائے عمران خان کی سادگی اور کفایت شعاری کی مثال سے سیکھتے؟ شہباز صاحب! آپ سب سے بڑے شعبدہ باز ہیں جو لندن میں تو سڑکیں پیدل ناپتے ہیں لیکن پاکستان آتے ہی پروٹوکول کے نشے کا شکار ہو جاتے ہیں۔ عمران خان سے عداوت اور بغض میں جتنا عوام کو گمراہ کرتے ہیں،ان کی محبت عمران خان کے لیے بڑھتی جاتی ہے۔


ای پیپر