فوٹو بشکریہ فیس بک

عمران خان نے دورہ امریکا سے کچھ حاصل نہیں کیا: شہباز شریف
24 جولائی 2019 (13:06) 2019-07-24

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ دورہ امریکا سے ثابت ہوا عمران خان ایک سلیکٹڈ وزیراعظم ہیں۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے احتساب عدالت پیشی پر میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم کے دورہ امریکا کو نشانے پر رکھا۔ بولے ان کی نظر میں عمران خان نے دورہ امریکا سے کچھ حاصل نہیں کیا۔ عمران خان نے خطاب میں اتحاد کا پیغام دینے کا موقع گنوا دیا، نواز شریف کے خوف میں جینے والا کاش پاکستان کو درپیش چیلنجز پر بات کرلیتا۔

حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے لیے پرہیزی کھانا بند کر دیا گیا ہے اور ملاقات بھی نہیں کرائی جاتی۔ احتساب عدالت نے آشیانہ ہاوسنگ کی سماعت 7 اگست تک ملتوی کر دی۔

ادھر میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز بولے ملک میں ہر دن یوم سیاہ ہے۔ عمران خان کا دورہ امریکہ وقت ہی بتائے گا کہ کامیاب ہے یا ناکام۔

واضح رہے کہ منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کیس میں حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں دس روز کی توسیع کردی گئی۔


ای پیپر