فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

امریکا کیساتھ باہمی احترام اور اعتماد پر مشتمل تعلقات پاکستان کیلئے اہم ہیں: آرمی چیف
24 جولائی 2019 (11:11) 2019-07-24

واشنگنٹن: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ باہمی احترام اور اعتماد پر مشتمل تعلقات پاکستان کیلئے اہم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف نے امریکی محکمہ خارجہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی، افغان امن عمل اور دو طرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے پر بات چیت ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اہم بیٹھک میں 22 جولائی کو ہونے والے سربراہی اجلاس کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ نے کہا پاکستان امریکا کیساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

اس سے پہلے پینٹاگون پہنچنے پر جنرل جوزف ڈین فورڈ نے آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا، جہاں آرمی چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔

آرمی چیف کی امریکی قائم مقام وزیر دفاع اور امریکی چیف آف سٹاف جنرل مارک ملی سے بھی گفتگو ہوئی۔ امریکی عسکری قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں اور افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کو امریکی ہیروز کی یادگار کا دورہ کرایا گیا جہاں آرمی چیف نے امریکہ کیلئے جانیں قربان کرنے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔


ای پیپر