Source : Yahoo

این اے 127کا الیکشن ملتوی کرنے کیلئے درخواست دائر
24 جولائی 2018 (18:44) 2018-07-24

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی سزا کے بعد حلقہ این اے 127 کا الیکشن ملتوی کرنے کے لیے درخواست دائر کر دی گئی‘ جس میں موقف اپنایا گیا کہ آئین کے تحت تمام شہری برابر ہیں مگر الیکشن کمیشن نے مریم نواز کےساتھ امتیازی سلوک برتا۔

منگل کو نجی ٹی وی کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں ایوان فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو سزا ہونے کے بعد حلقہ این اے 127 کا الیکشن ملتوی کرنے کے لیے درخواست دائر کر دی گئی‘درخواست حلقہ این اے 127 کے ووٹر عمران بٹ کی جانب سے دائر کی گئی‘درخواست گزار نے موقف اختیار کیاکہ الیکشن کمیشن نے حنیف عباسی کو سزا کے بعد حلقہ این اے 60 سے الیکشن ملتوی کر دیئے ہیں‘ مریم نواز کو بھی سزا ہوئی مگر ان کے حلقہ کا الیکشن ملتوی نہیں کیا گیا‘دائر درخواست میں کہا گیا کہ آئین کے تحت تمام شہری برابر ہیں مگر الیکشن کمیشن نے مریم نواز کےساتھ امتیازی سلوک برتا‘ عدالت این اے 60 کی طرح این اے 127 میں بھی الیکشن ملتوی کرنے کا حکم دے۔

واضح رہے کہ انسداد منشیات عدالت نے ایفی ڈرین کوٹا کیس میں مسلم لیگ (ن )کے رہنما اور امیدوار حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔(ن )لیگ کے رہنما حنیف عباسی راولپنڈی این اے 60 سے الیکشن لڑ رہے تھے ، جہاں ان کا مقابلہ شیخ رشید سے تھا۔حنیف عباسی کی عمر قید کی سزا کے بعد الیکشن کمیشن نے این 60 پر انتخابات ملتوی کردیئے تھے اور کہا تھا کہ تمام جماعتوں کویکساں موقع دینا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ احتساب عدالت نے رواں ماہ 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نوازشریف کو 11، مریم نوازکو 8 اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید سنائی تھی۔


ای پیپر