Senate elections, PTI government, PML-Q, PM Imran Khan, Chaudhry Shujaat Hussain
24 جنوری 2021 (18:49) 2021-01-24

لاہور: سینیٹ الیکشن کا معاملہ، حکومت اور ق لیگ کے معاملات طے پا گئے ، تحریک انصاف نے پنجاب سے سینیٹ کی ایک نشست قاف لیگ کو دیدی۔

ترجمان قاف لیگ نے بتایا کہ تحریک انصاف کے اراکین قاف لیگ کے سینیٹ امیدوار کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ق لیگ کا سینیٹر کامل علی آغا یا چوہدری وجاہت حسین میں سے ایک ہو گا۔

خیال رہے کہ اس حوالے سے حکومت پہلے ہی  ق لیگ کو سینیٹ نشست کے حوالے سے جائز حق دینے کی تصدیق کر چکی ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ  ق لیگ اتحادی جماعت ہے ، انکا جائز حق دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ سینیٹ کی 52 میں سے پنجاب کی 11 نشستوں پر انتخاب ہو گا۔ پنجاب سے سینیٹ کی 1 نشست کیلئے 42 اراکین کے ووٹ درکار ہوتے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کی 371 نشستوں میں سے ق لیگ کی 10 نشستیں ہیں۔

دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پی ڈی ایم متحد ہے اور حکومت پر ہر طرف سے وار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اناڑی حکمرانوں کی نااہلی سے ملک کسی بڑے حادثے کا شکار ہو سکتا ہے۔ حکومت سے نجات کیلئے پی ڈی ایم تمام آپشنز بتدریج استعمال کرے گا۔ اگلے چند مہینے ملکی سیاست کے مستقبل کیلئے بہت اہم ہیں۔ حکمرانوں کو اب مزید عالمی وبا کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔


ای پیپر