Maryam Nawaz, Khokhar palace, Lahore, Malik Saif ul Malook Khokhar, Khokhar brothers
24 جنوری 2021 (16:21) 2021-01-24

لاہور: کھوکھر پیلس گرائے جانے پر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا ردعمل ، کہا ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے ، ہر ظلم کاحساب ہوگا۔

اپنی ٹویٹ میں مریم نواز نے وفائے نواز شریف کے جرم میں انتقام کا نشانہ بننے والے سب ساتھیوں کو سلام پیش کیا ، ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ کھوکھر برادران جماعت کا بہت بڑا سرمایہ ہیں انہوں نے ظلم و انتقام کا سامنا کیا ، پیچھے ہٹے نہ ہی نواز شریف سے بے وفائی کی ، شاباش!

مریم نواز نے مزید کہا کہ ایک قانون طاقتور کیلئے جو بنی گالا کے ناجائز محل کو قانونی بنا دیتا ہے جبکہ دوسرا قانون مخالفین کیلئے جس کے شر سے اپوزیشن کے گھر محفوظ نہیں۔

دوسری جانب رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کھوکھر برادران جمہوریت کی جنگ لڑ رہے ہیں ، لوگوں کو جمع کرنے سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا ، یہاں پریس کانفرنس سے بھی روکا جا رہا ہے۔ حکومت کو اس غنڈہ گردی کا جواب دینا ہوگا۔

چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا ، آج بھی 4 ہزار بندہ اکٹھا کرکے مزاحمت کرسکتے تھے ، کھوکھر برادران نے کسی طرح کی کوئی مزاحمت نہیں کی ، ایسی کارروائیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے ، حکمرانوں کو حساب دینا ہوگا ، ایسے ہتھکنڈوں سے ن لیگ اور پی ڈی ایم کمزور نہیں ہوگی۔


ای پیپر