ayesha ali,yasmeen rashid,firdos ashiq awan,king Edward,merit,scholarship
24 فروری 2021 (10:13) 2021-02-24

لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین کی بیٹی کی تعیناتی کے حوالے سے ایک بے بنیاد پراپیگنڈہ چل رہا ہے۔اگر کسی کوالیفائیڈ بچی کے والد یا والدہ کسی اعلیٰ عہدے پر ہیں تو یہ جرم نہیں ہوتا۔ڈاکٹر عائشہ بیرون ملک سے تعلیم یافتہ پاکستان کی بیٹی ہیں اور وہ اس ملک کیلئے کام کرنا چاہتی ہے۔پاکستان میں اس سے قبل بھی وہ اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر کام کرتی رہی ہیں اور اب بھی ان کی تعیناتی میرٹ پر کی گئی ہے۔ان کی تعیناتی کے وقت یہ نہیں دیکھا گیا کہ ان کی والدہ منسٹر ہیں یا اس حکومت کا حصہ ہیں۔میرٹ کو دیکھا گیا ہے اور میرٹ کا بول بالا کرنا ہی ہماری ذمہ داری ہے۔ 

ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ملک میں تعلیم کا بہترین نظام ہے۔وزیر اعظم عمران خان اس ملک کو ریاست مدینہ کے خد و خال کے مطابق ڈھالنے کیلئے پرعزم ہیں اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار صاحب اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے نبی اکرم ﷺ  کی ذات اقدس سے رہنمائی لیتے ہوئے وہ پالیسیز مرتب کر رہے ہیں جو ان کی ذات اقدس ٗ  اقوال زریں اور ان کے رول ماڈل کے طور پر اپنائی جائیں۔رحمت اللعالمین ﷺ  سکالر شپ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پنجاب بھر میں 30 یونیورسٹیز ہیں ہم ان سے اس کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔پنجاب بھر کے اندر 14891 طلبا و طالبات اس پروگرام سے مستفید ہوں گے۔پاکستان تحریک انصاف میرٹ پر یقین رکھتی ہے اس لئے اس پروگرام کی شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے پلیٹ فارم سے ایک پورٹل بنایا گیا ہے۔ ایک ایپ بنائی گئی ہے جسے ڈائون لوڈ کر کے طلبا و طالبات خود کو رجسٹرڈ کر سکتے ہیں۔ ان کی تمام کوالیفیکیشن اور اسناد کی تصدیق بھی آن لائن کی جائیگی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اس میں اہم چیز یہ ہے کہ جو ہمارے درجہ اول سے چہارم تک کے ملازمین کے بچوں کیلئے بھی ہم نے ایک کوٹہ مختص کیا ہے۔ ہم 9 نئی یونیورسٹیز ٗ درجنوں کالج اور سینکڑوں سکول بنائے ہیں وہیں ہم پہلے سے موجود تعلیمی اداروں کو بھی اپ گریڈ کرنے  جا رہے ہیں۔ آئی ٹی ہمارا بنیادی ٹارگٹ ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ تعلیمی اداروں میں آئی ٹی کی تعلیم کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں۔ ہمارا خواب ڈیجیٹل پنجاب ہے۔


ای پیپر