سا ل 2020:عمران خان نے قوم کو بڑی خوشخبری سنا دی
24 دسمبر 2019 (23:07) 2019-12-24

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کے پیسوں سے یہ ملک چل رہا ہے، سمندر پار پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کو فائدہ دینے کے لیے اسکیم تیار کر رہے ہیں 2020 میں پاکستان بھرپور ترقی کرے گا اور اس سسٹم میں نوکریاں پیدا کی جائیں گی، غربت کو ختم کرنے کے احساس پروگرام کو منظم انداز میں چلایا جائے گا ، نیا پاکستان نئی سوچ کا نام ہے ریاست مدینہ بھی پہلے روز ہی نہیں بن گئی تھی بلکہ سوچ کو تبدیل کیا گیا تھا.

منگل کو ترسیلات زر بھجوانے کی اسکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ک انہوں نے کہا کہ بیرون ملک نوکریاں کرنے والے افراد انتہائی سخت مشکل حالات میں کام کرتے ہیں اور ہمیں ان کی قدر کرنی چاہیے۔ سمندر پار پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کو فائدہ دینے کے لیے اسکیم تیار کر رہے ہیں۔ ملک میں صرف وہ نظام کامیاب ہوتا ہے جس میں میرٹ ہو اور جمہوریت میں لوگ میرٹ پر ہی اوپر آتا ہے اس لیے جمہوریت بادشاہت سے بہتر ہے لیکن ہم بھی جمہوریت سے بادشاہت کی طرف چلے گئے تھے۔

وزیر اعظم نے ایک بار پھر چین کی معاشی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چین نے زبردست میرٹ کا نظام قائم کیا ہوا ہے اور اسی بنیاد پر لوگوں کو ترقیاں دی جاتی ہیں۔ پاکستان میں بھی اداروں کو میرٹ کی بنیاد پر بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ میرٹ پر لوگوں کو سامنے لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ 2020 پاکستان کا وہ سال ہو گا جس میں پاکستان بھرپور ترقی کرے گا اور اس سسٹم میں نوکریاں پیدا کی جائیں گی، دوسری طرف غربت کو ختم کرنے کے احساس پروگرام کو منظم انداز میں چلایا جائے گا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پنجاب کے نئے آئی جی کو ہدایت دی ہے کہ تھانے میں لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ ہم اپنی خدمت کے لیے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کے لیے آئے ہیں اور یہی جمہوریت کی شان ہے۔ نیا پاکستان نئی سوچ کا نام ہے اور ریاست مدینہ بھی پہلے روز ہی نہیں بن گئی تھی بلکہ سوچ کو تبدیل کیا گیا تھا۔وزیر مواصلات مراد سعید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پوسٹ کے ذریعے الیکٹرانک منی آرڈر سروس شروع کی، پاکستان پوسٹ2020تک ملک کا سب سے بڑا بینکنگ نیٹ ورک ہو گا، ہم نے سب سے پہلے پاکستان پوسٹ پر عوام کا اعتماد بحال کیا، ایک سال میں پاکستان پوسٹ کے ذریعے1575لوگوں کو روزگار ملا، سمندر پار پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے دل کے بہت قریب ہیں جبکہ وزیراعظم کی کوششوں سے بیرون ملک قید4634پاکستانیوں کو واپس لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کفایت شعاری مہم کے تحت وزراءکی تنخواہوں میں دس فیصد کمی کی ہے اور وزراءکا انٹرٹینمنٹ الاﺅنس بھی ختم کر دیا گیا ہے۔


ای پیپر