فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

بھارت اور ایران چابہار پر کام تیز کرنے پر متفق
24 دسمبر 2019 (11:25) 2019-12-24

تہران: ایران کے صدر حسن روحانی نے پیر کو تہران میں ہندوستان کے وزیرخارجہ جے شنکر سے ملاقات میں کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ایران و ہندوستان کے مضبوط عزم سے مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان تکنیکی تعاون اور تعلقات میں پہلے سے زیادہ اضافہ ہوگا۔

اس ملاقات میں ہندوستان کے وزیرخارجہ جے شنکر نے بھی دونوں ملکوں کے سرکاری و پرائیویٹ سیکٹر میں تعاون کو فروغ دینے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ہندوستان کے تعلقات قدیمی اور تاریخی ہیں ۔ جے شنکر نے کہا کہ ایران اور ہندوستان کے درمیان بینک کاری کے تعاون میں توسیع دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون و تعلقات کے فروغ میں اہمیت کی حامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ جنوب مشرقی ایران کی چابہار بندرگاہ میں ایران اور ہندوستان کے درمیان تعاون نہایت خوش اسلوبی سے انجام پا رہا ہے اور اس علاقے میں پروجیکٹوں کو آگے بڑھانے میں تیزی لانے کی کوشش کرنا چاہئے۔

ہندوستانی وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ چابہار بندرگاہ کی توسیع اور انرجی ، تجارت اور سامان کے ٹرانزٹ کے شعبوں میں نئے بنیادی ڈھانچے کے قیام میں ایران و ہندوستان کے درمیان مشترکہ تعاون ، امن و سیکیورٹی کے قیام کی ایک اہم ضرورت ہے اور یہ علاقے میں اقتصادی ترقی میں اہم اثرات کا حامل ہوگا۔ ایران اور ہندوستان کے درمیان مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس اتوار کو تہران میں منعقد ہوا جس میں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ موجود تھے۔


ای پیپر