عدالت نے نواز شریف کی درخواست مان لی، لاہور جیل منتقل کرنے کا حکم دیدیا
24 دسمبر 2018 (16:11) 2018-12-24

اسلام آباد: نواز شریف کی جانب سے لاہور جیل منتقل کئے جانے کی درخواست عدالت نے منظور کر لی۔

احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد نواز شریف نے لاہور جیل منتقل کرنے کی درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ نواز شریف کو لاہور منتقل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کے فیصلے کے بعد نواز شریف کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔ عدالت نے نواز شریف کے جائیداد ضبطگی کا حکم دیدیا۔ حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ جاری کر دیئے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنس کا فیصلہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے سنایا۔ نواز شریف کو ایک ریفرنس میں بری جبکہ دوسرے میں سزا ہوگئی۔ فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف بری جبکہ العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

کمرہ عدالت میں ن لیگ کے وکلا اور رہنماؤں سمیت 15 افراد ہی جا سکے تھے۔ کمرہ عدالت میں نواز شریف کو کلوز پروٹیکشن یونٹ سیکیورٹی فراہم کی گئی۔ احتساب عدالت کے باہر ن لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد جمع تھی۔ فیصلے سے قبل نواز شریف کی اپنے وکیل خواجہ حارث سے مشاورت بھی ہوئی۔

العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کے فیصلے سے قبل اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔ سیکٹر جی الیون میں احتساب عدالت کو جانے والے راستے سیل کر دیئے گئے تھے۔ احتساب عدالت کے گرد و نواح میں پولیس کے ایک ہزار جوان تعینات تھے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیئے رینجرز کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ باغی سیاست دان جاوید ہاشمی نے کہا تھا کہ مجھے نواز شریف کی رہائی کی امید نہیں ہے۔ نواز شریف کی ہمت کو سلام کرتا ہوں یہ عدالتیں کچھ بھی نہیں ہے۔


ای پیپر