حکومت کی دو سالہ کارکردگی، شہباز شریف نے بڑی خبر دیدی 
24 اگست 2020 (18:06) 2020-08-24

اسلام آباد: اپوزیشن جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے حکومت کی دو سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کر دیا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم پوچھ رہی ہے کہ عمران خان کے سارے وعدے کدھر گئے؟

اسلام آباد میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ چیزیں دیرپا نہیں چل سکتیں۔ اسمبلی میں تعاون کا ہاتھ بڑھایا تو ہمیں دھتکارا گیا۔ ‘سلیکٹڈ’ حکومت سپورٹ کے باوجود نیچے کی طرف جا رہی ہے۔ کیا وہ پاکستان بہتر تھا یا یہ والا؟ لوگ ایک وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں،میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کورونا کے بعد لاکھوں لوگ بے روزگار اور کاروبارٹھپ ہیں۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ نے بزنس مینوں کو خوفزدہ کر دیا ہے۔

حکومت کی خارجہ پالیسی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب بارے غیر مناسب بیان دیا، وہ اس حد تک چلے گئے کہ عقل دنگ رہ گئی جبکہ چین کو بھی ناراض کر دیا گیا۔ ہم سب سمجھتے ہیں کہ یہ اندر سے کیا کر رہے ہیں،حکومتی کارکردگی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تبدیلی نے لوگوں کی زندگی تباہ کر دی، لوگ پرانے پاکستان کو ترس رہے ہیں۔ 

ہمارے دور میں ہسپتالوں میں مفت ادویات ملتی تھیں۔ ادویات سکینڈل کا پتا ہی کوئی نہیں کیونکہ نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے۔ عام آدمی کی زندگی تنگ ہو چکی ہے۔ دودھ کے دھلے ہوئے ان کی کابینہ میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ احتساب کے نام پر اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کا تماشا قوم دیکھ رہی ہے،توانائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے لیگی صدر کا کہنا تھا کہ بجلی وافر مقدار میں ہونے کے باوجود لوڈشیڈنگ ہوتی ہے لیکن اس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔

پاکستانی معیشت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سے ایکسپورٹ میں بھی خاطر خواہ اضافہ نہیں ہو سکا۔ 1952ء کے بعد آج جی ڈی پی گروتھ نیگٹو میں ہے۔ یہ ہیں حقائق کہ یہ آج بھی کینٹنر پر چڑھے ہوئے ہیں۔


ای پیپر